امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ فوجی حملے کا فیصلہ نئے سال کے آغاز تک مؤخر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے۔
خبر رساں ادارے ایکسیوس اور اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے حوالے سے کسی فیصلے میں عجلت نہیں کررہے اور دیکھیں گے کہ نئے سال کے آغاز کے بعد کیا صورت حال بنتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران پر نیا حملہ اسی وقت کیا جائے گا جب اس سال یعنی فروری کے آغاز میں جنگ شروع کی گئی تھی تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس کا امکان بھی موجود ہے۔
تاہم ایکسیوس نے نشاندہی کی کہ فروری کے اواخر میں موجودہ جنگ شروع ہونے سے صرف ایک روز قبل بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ کیا کرنا ہے حالانکہ حقیقت میں وہ حملے کا فیصلہ پہلے ہی کرچکے تھے۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انھیں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے مبینہ دباؤ پر شکوک ہیں۔
صدر ٹرمپ کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یہ دباؤ سیاسی مقاصد کے تحت ڈالا جا رہا ہے کیونکہ نیتن یاہو 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں پارلیمان میں اکثریت کھونے کے باوجود اقتدار میں رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسرائیل نے کئی مرتبہ ایران پر امریکی حملے کی تیاری کی تاہم ہر مرتبہ ٹرمپ نے آخری وقت میں کارروائی کا حکم دینے سے گریز کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے فوجی نظام حملے کے لیے تیار ہوجاتے تھے لیکن امریکی صدر اپنا ارادہ تبدیل کرلیتے تھے۔
رپورٹ میں ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کے امکانات بڑھ رہے ہیں اور اسرائیل امریکی اجازت کا منتظر ہے۔
امریکی صدر نے گزشتہ روز فاکس نیوز کو انٹرویو میں بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے حیاتیاتی ہتھیار بنانے کی کوشش کرنے کے شواہد ملے ہیں۔
واضح رہے کہ موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے امریکی حکام سے ملاقاتوں میں ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی کی حمایت کی تھی۔ تاہم ٹرمپ کے تازہ بیان سے فوری حملے کا امکان فی الحال غیر یقینی دکھائی دیتا ہے۔