ایک ہی دن میں اے آئی کمپنی کے 5 ہزار ملازمین کروڑ پتی بن گئے

سیکڑوں ملازمین کی دولت 10 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کرگئی


ویب ڈیسک November 20, 2026

مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری نے ملازمین کی قسمت بدل دی، کمپنی کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کروڑ پتی بن گئے، جبکہ سیکڑوں ملازمین کی دولت 10 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کرگئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی، جس کے بعد ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

کمپنی میں ستمبر 2026 تک ملازمین کی تعداد 5 ہزار 300 تھی، جن میں سے تقریباً 5 ہزار 100 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص 1 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ہیں، جبکہ لگ بھگ 600 ملازمین ایسے ہیں جن کی حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔

کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر اینٹس کہا جاتا ہے۔ نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام کے مطابق اینتھروپک کے ملازمین نے انتہائی مختصر عرصے میں یہ غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کی ہے۔

ہِل ڈاٹ کام کے بانی اینڈریو بینسن کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ اتنے کم عرصے میں ملازمین کی دولت میں اتنا بڑا اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے باعث ملازمین نے ادارہ چھوڑنے کے بجائے اس کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔

2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک کے ملازمین کی تعداد 2024 کے اختتام پر ایک ہزار سے بھی کم تھی، جو چند برسوں میں بڑھ کر 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینے کا طریقہ نیا نہیں، تاہم اینتھروپک کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کے ساتھ بعض ملازمین کو پہلے ہی روز اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔

یوں مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت نے صرف کمپنی کے سرمایہ کاروں ہی نہیں بلکہ ہزاروں ملازمین کو بھی راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا۔