کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد


یاسین جبلپوری November 20, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان دو الگ الگ مبینہ مقابلوں کے نتیجے میں 3 ملزمان زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

پولیس کے مطابق پہلا مبینہ مقابلہ تیموریہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان نارتھ ناظم آباد بلاک این میں ڈینٹل کالج کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت 30 سالہ احسن عباسی کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم احمد شجا کو تھانے منتقل کردیا گیا۔

پولس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، 3 موبائل فون اور تیموریہ کے علاقے سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ شارع نورجہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شادمان ٹاؤن سیکٹر 14 بی میں ہوا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

زخمی ملزمان کی شناخت آصف اور شایان کے نام سے ہوئی، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تیسرے گرفتار ملزم کبیر کو تھانے منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 2 موٹرسائیکلیں اور شہری سے چھینا گیا موبائل فون برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے گزشتہ روز حیدری مارکیٹ اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں سے موٹرسائیکلیں چھینی تھیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا موبائل فون 9 روز قبل شارع نورجہاں کے علاقے سے احمد نامی شہری سے چھینا گیا تھا۔

دونوں واقعات میں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس برآمد ہونے والی موٹرسائیکلوں اور دیگر سامان سے متعلق وارداتوں کا ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے۔