شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ قبضے کی کوشش، 2 ملزمان گرفتار

پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے


ویب ڈیسک November 20, 2026

پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش اور دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لاہور کی ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی اور نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر گلوکارہ سے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور متنازع جائیداد پر پہنچ کر کرایہ داروں کو دھمکانے کے الزامات ہیں۔

ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا اور شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔