جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے آن لائن جوئے اور سٹے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار 5 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو آن لائن جوئے اور سٹے کے الزام میں درج مقدمے میں این سی سی آئی اے گرفتار 5 ملزمان کو پیش کیا۔ این سی سی آئی اے حکام نے انکشاف کیا کہ جوئے اور سٹے کے نیٹ ورک کا مجموعی حجم ایک کھرب تک پہنچ سکتا ہے۔
ملزمان کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنا ہے۔ ملزمان کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ابتدائی جائزے کے دوران 8.1 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا سراغ ملا ہے۔
ملزمان کیخلاف کارروائی کے دوران ایک بیگ سے 73 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار 2 ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود ایک ارب سے زائد کی رقم فریز کردی گئی ہے۔ ملزمان کیخلاف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شکایت پر کارروائی ہے۔ مقدمے میں 40 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ملزمان میں 32 کمپنیوں کے سی ای اوز بھی شامل ہیں۔ این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔