شمالی وزیرستان؛ خواتین کے بھیس میں فرار ہونے والے متعدد خارجی ہلاک

خوارج کا خواتین کے برقعوں کا استعمال نا صرف اسلامی، اخلاقی اقدار کے منافی ہے، سیکیورٹی ذرائع


خالد محمود November 20, 2026

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فتنۃ الخوارج کے بزدل دہشت گردوں کی خواتین کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رکشے میں خواتین کے بھیس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

خوارج کا خواتین کے برقعوں کا استعمال نا صرف اسلامی، اخلاقی اقدار کے منافی ہے بلکہ خواتین کی حرمت کے استحصال کا بھی باعث ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پسپائی کے بعد بزدل خارجی دہشت گرد اوچھے اور گھٹیا ہتھکنڈوں کے ذریعے بچنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

بزدل خوارج کی جانب سےدہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مساجد اور شہری آبادی میں چھپنے اور وہاں بارودی مواد رکھنے کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جانا اور خواتین کی حرمت کا استحصال ثابت کرتا ہے کہ خوارج کا اسلام اور انسانیت سے کوئی واسطہ نہیں۔

خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد مکروہ مقاصد کے لیے معصوم بچوں اور خواتین کو بھی انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز عزم استحکام ویژن کے تحت خیبر پختونخوا سے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔