صوبے کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سندھ کے تمام میئرز کا مشترکہ اعلان

رہنماؤں کی ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی پر کڑی نکتہ چینی


محمد سلیم جھنڈیر November 20, 2026

کراچی:

سندھ بھر کے ڈویژنل میئرز نے جمعہ کو کراچی پرسی کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس کا سخت جواب دیا اور واضح کیا کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

پریس کانفرنس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ ارسلان اسلام شیخ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، میئر لاڑکانہ انور لوہر، میئر نوابشاہ قاضی رشید بھٹی اور میئر میرپور خاص عبدالرؤف غوری شریک ہوئے۔

میئرز نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت ہی ممکن ہے، آرٹیکل 140 اے کا نئے صوبوں سے کوئی تعلق نہیں اور ریفرنڈم کی بات آئین سے انحراف ہے۔ انہوں نے سندھ کی ثقافت کا مذاق اڑانے اور لسانی سیاست پر معافی کا مطالبہ بھی کیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نفرت کسی بھی معاشرے کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ چیز ہے، پیپلز پارٹی لوگوں کو جوڑنے کی بات کرتی ہے، آج سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز یہاں محبت کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے، کراچی کی تاریخ 1947 سے شروع نہیں ہوتی، حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ اسی کراچی کی مٹی میں مدفون ہیں۔ جس کراچی میں میں پلا بڑھا اس میں لسانیت کو فروغ دیا گیا، 1970 کی دہائی میں کراچی پورے خطے کا ہیرا تھا، 1980 کی دہائی میں لسانیت کو فروغ دے کر لوگوں کے دل توڑنے کی سیاست شروع ہوئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری نسل نے اچھا وقت نہیں دیکھا، بہت قربانیوں کے بعد امن کی فضا قائم ہوئی، سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دے کر شہر میں امن قائم کیا، ہم واپس اس دور میں نہیں جانا چاہتے، ہم نہیں چاہتے کہ کراچی دوبارہ 80 اور 90 کی دہائی کے حالات کی طرف لوٹے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کو منتشر قومی موومنٹ کہتا ہوں، خالد مقبول کی پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال نہیں تھے، آپسی اختلاف والے سندھ کا فیصلہ کریں گے، اب تو نائن زیرو بھی نہ رہا، اب جھگڑا بہادرآباد اور راضی روڈ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان واضح ہے کہ مملکت خداداد کے اختیارات منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کیے جائیں گے، 1973 کے آئین میں صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کا طریقہ واضح کر دیا گیا، قومی اسمبلی صوبے بنائے گی، یہ خالد مقبول صدیقی کی لاجک غیر قانونی ہے۔

میئر سکھر ارسلان شیخ

میئر سکھر ارسلان شیخ نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس کے جواب میں ہے، انہوں نے حقائق کے برعکس گفتگو کی، عوام کے ووٹ لے کر ہم منتخب ہوئے ہیں، کس حیثیت سے مقبول صاحب دعوے کر رہے ہیں، متحدہ نام کے ساتھ لگانے سے متحد نہیں ہوا جاتا، چند ماہ قبل ہی آپس میں گتھم گتھا ہوئے اور گولیاں چلائیں، سابق انتخابات میں الیکشن لڑنے کے لیے بندے ہی نہیں ملے، جب ضمانتیں ضبط ہونا تھیں تو الیکشن کا بائیکاٹ کیا، چالیس منٹ کی پریس کانفرنس میں معیشت کی بات بھی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے خون کی ندیاں بہائیں، پورے سندھ میں آپ نے بوری بند لاشوں کا کلچر متعارف کروایا، 12 مئی 2007 کو آپ نے کس طرح خون کی ہولی کھیلی، طاہر پلازہ میں کس نے وکلا کو آگ لگائی، نوجوانوں کو ٹریننگ کرانے کے لیے جنوبی افریقہ کون بھیجتا تھا، چیئرمین عوام کے ووٹوں کے ذریعے ایوان میں ہے، بلاول بھٹو تو لوگوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔

ارسلان شیخ نے کہا کہ سندھ قائد اعظم کا صوبہ ہے، 1947 میں سب سے بڑی مہمان نوازی سندھ نے کی، سندھ پانچ ہزار سال پرانی تہذیب اور صوفی بزرگوں کی دھرتی ہے، آپ اپنے دعوے بند کریں کہیں کوئی مسئلہ نہ ہوجائے، شرم آنی چاہیے سندھ کی ثقافت کو مذاق بنایا، سندھ کی ثقافت کو افریقہ کے جنگلات سے تشبیہ دینے پر معافی مانگی جائے، الفاظ واپس لیے جائیں، سندھ کے عوام کو نہ اکسایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کون ہوتے ہیں ہمیں روکنے والے، سندھ کی تقسیم کا خواب چھوڑ دیں، سندھ کی تقسیم کے خلاف تمام میئرز کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں، یہی رویہ برقرار رہا تو اگلی پریس کانفرنس سندھ کے شہری حلقوں کے عوام کے ساتھ نائن زیرو پر کریں گے، کراچی کسی کے باپ کا شہر نہیں ہے۔

ارسلان شیخ نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے آرٹیکل 140 اے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا، آرٹیکل 140 اے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ہے، نئے صوبوں کے قیام سے نہیں، آرٹیکل 140 اے کی غلط تشریح دانستہ طور پر کی گئی، آئین کی غلط تشریح پر آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کریں گے، خالد مقبول صدیقی کے خلاف پٹیشن داخل کرائیں گے، انہوں نے آئین کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

میئر حیدرآباد کاشف شورو

میئر حیدرآباد کاشف شورو نے کہا کہ ایم کیو ایم نے عوام میں جب نفرت کا بیج بویا وہ کئی دہائیوں تک چلتا رہا، عوام ان کی سیاست کو جان چکے ہیں، عوام نے جس امید کے ساتھ آپ کو منتخب کیا تھا وہ امید اب ختم ہوچکی ہے، عوام باشعور اور پڑھی لکھی ہے وہ سب کچھ سمجھتی ہے، عوام کا جتنا نقصان ہونا تھا ہوچکا، اب مزید یہ سب برداشت نہیں کیا جائے گا، سندھ کے عوام اب نفرت اور لسانیت کی سیاست مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سب ایک دوسرے کے ساتھ امن و محبت کے ساتھ رہتے ہیں، کیا ایم کیو ایم پھر وہی واپس دور لانا چاہتے ہو، ہم نے آپ کا کیا قصور کیا ہے، آپ کارکردگی دکھاؤ، ہر دور میں حکومت میں شامل رہے ہو۔

میئر لاڑکانہ انور لوہر

میئر لاڑکانہ انور لوہر نے کہا کہ کل موصوف نے لاڑکانہ کے لیے کہا، لاڑکانہ میں تو ایم کیو ایم کا ایک کونسلر بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں، آپ کے بیانات سے کراچی اور سندھ کے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، آپ کے بیانات سے پاکستان مخالف عناصر کو تقویت ملنے کا تاثر پیدا ہوتا ہے، یہ انتہائی افسوسناک طرز عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامتی طور پر دکھانا چاہتے ہیں کہ سندھ کے شہری علاقوں کے منتخب نمائندے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، ہم سب عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں۔

میئر میرپور خاص عبدالرؤف غوری

میئر میرپور خاص عبدالرؤف غوری نے کہا کہ آپ کو تو انتخابات میں میرپور خاص کے عوام نے مسترد کیا، محترمہ کے وقت میں بڑی آگ لگی تھی لیکن صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، خالد مقبول کو اگلی مرتبہ وہاں امیدوار نہیں ملے گا۔