لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے افغان طلبہ کو میڈیکل کالجز سے نکالنے کیخلاف تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس عاصم حفیظ نے جمعہ کو میڈیکل کالجز کے افغان طلباء وطالبات کے کیس کی سماعت کی، سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ افغان طلباء کی دیگر درخواستیں بھی زیر التوا ہیں، عدالت تمام کیسز اکٹھے سن لے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو اس نوعیت کی تمام درخواستیں اکٹھی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے پنجاب کے تمام میڈیکل کالجز کو افغان طلبا کو نکالنے سے روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کر رکھی ہے جبکہ پی ایم ڈی سی کے وکیل کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت بھی دے رکھی ہے۔
عدالت میں 30 سے زائد افغان طلباء وطالبات نے درخواستیں دائر کی ہیں جن کا موقف ہے کہ انہوں نے افغان مہاجرین کے کوٹہ اور میرٹ پر میڈیکل کالجز میں داخلے لئے تھے،
درخواست گزاروں کے مطابق پی ایم ڈی سی نے اُنہیں کالجز سے نکالنے کیلئے یکم ستمبر کو حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔