لکی مروت میں دہشتگردی کی ہولناک کوشش ناکام، خودکش حملہ آور ہلاک

مزدہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آئی ای ڈی تیار کی گئی ہے


شاہد حمید November 20, 2026

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس  نے کہا ہے کہ  لکی مروت کے تھانہ براگی کی حدود میں پولیس نے بہترین کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی ہولناک کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس کو کچھ عرصہ سے اطلاعات تھیں کہ مزدہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آئی ای ڈی تیار کی گئی ہے،اطلاعات پر لکی مروت پولیس نے آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا، گشت اور چیک پوائنٹس بھی بڑھا دی گئیں، امروز تھانہ براگی کی حدود میں متذکرہ گاڑی کی نشاندہی ہوئی جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کی، جارحانہ کارروائی کے نتیجے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مقابلے کی اطلاع پر سی ٹی ڈی، مقامی پولیس اور کیو آر ایف کی نفری جائے وقوعہ پہنچی، وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پہنچ گئیں، گاڑی کا معائنہ شروع، گاڑی میں پڑے ڈرمز میں بڑی مقدار میں بارود موجود ہے، ہلاک خودکش بمبار کے افغانی ہونے کی اطلاعات، شناخت کا عمل جاری  ہے، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ناکام بنانے پر لکی مروت پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

آئی جی پی  نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد خاک میں ملا کر ہمارے شیر دل جوانوں نے درجنوں قیمتی جانیں بچائیں، آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے سپوت عوام کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہیں، فتنہ الخوارج کو نشان عبرت بنا کر دم لیں گے۔