سمبڑیال میں 7 کروڑ روپے کا سونا لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

واردات 6 نومبر کو پیش آئی تھی، ملزمان مسروقہ سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے، پولیس


سید مشرف شاہ November 20, 2026

پشاور:

پنجاب پولیس نے سمبڑیال میں جیولر کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹنے کے مقدمے میں مطلوب 3 ملزمان کو مختلف شہروں سے گرفتار کرلیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 6 نومبر کو سمبڑیال میں مسلح افراد نے ایک جیولر کے گھر سے 7 کروڑ روپے مالیت کا 2 کلوگرام سے زائد سونا لوٹ لیا تھا۔

ترجمان کے مطابق واردات کی اطلاع 15 پر ملتے ہی پولیس نے ناکہ بندی کردی تھی جس پر گرفتاری کے خوف سے ملزمان مسروقہ سونا کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے واردات کے روز ہی تمام سونا برآمد کرکے جیولر کے حوالے کردیا تھا۔

ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی سمبڑیال سجاد احمد باجوہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

پنجاب پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ملزمان کی گرفتاری پر سیالکوٹ پولیس کو شاباش دی ہے۔