بھارت میں ایک فیملی کو ویج برگر کے بجائے میٹ برگر فراہم کرنے پر معروف فاسٹ فوڈ چین اور آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی کو 72 ہزار بھارتی روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اپریل 2021 میں ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے لیے 4 ویجیٹیرین برگر آرڈر کیے تھے۔
تاہم اہلیہ کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث بچوں نے برگر کھا لیے جس کے بعد انہیں غیر معمولی ذائقہ محسوس ہوا اور متلی اور الٹی کی شکایت ہوئی۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ فراہم کیے گئے برگر سبزیوں کے بجائے گوشت سے تیار کیے گئے تھے۔
متاثرہ شخص نے مؤقف اختیار کیا کہ اس غلطی سے ان کے ویجیٹیریئن خاندان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
صارف عدالت نے شواہد کی بنیاد پر دونوں کمپنیوں کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 50 ہزار روپے ہرجانہ اور 22 ہزار روپے قانونی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے رقم کی ادائیگی کے لیے 45 دن کی مہلت دی ہے۔