کراچی: ٹریفک پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل حادثے میں زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج شہید

حادثہ 18 نومبر کو تھانہ ڈاکس کی حدود میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا


اسٹاف رپورٹر November 20, 2026

کراچی:

کراچی پولیس کے ٹریفک سیکشن ٹی پی ایکس میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل فیروز ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق 18 نومبر کو تھانہ ڈاکس کی حدود میں تیز رفتار گاڑی نے ڈیوٹی سے واپس آنے والے پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ہیڈ کانسٹیبل فیروز جانبر نہ ہوسکے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیڈ کانسٹیبل فیروز کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔