وفاقی سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، رہائشی سہولت سے متعلق اہم فیصلہ

وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کی منظوری 17 نومبر کو دی گئی تھی


ضیغم نقوی November 20, 2026
فوٹو: اے آئی

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولتوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے گلگت اور مظفرآباد کو بھی سرکاری رہائش کی ہائرنگ کے لیے مخصوص اسٹیشنز قرار دے دیا۔

وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق گریڈ ایک سے 22 تک کے وفاقی ملازمین نئی رہائشی ہائرنگ کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گلگت اور مظفرآباد میں بھی وفاقی ملازمین کے لیے نجی رہائش گاہیں کرائے پر حاصل کی جا سکیں گی اور دونوں شہروں کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے مساوی حیثیت دے دی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد وفاقی ملازمین کے لیے رہائشی ہائرنگ کے مخصوص اسٹیشنز کی تعداد 8 ہوگئی ہے، گلگت اور مظفرآباد کو مخصوص اسٹیشنز قرار دینے کا فیصلہ اکاموڈیشن الاٹمنٹ رولز 2002 کے تحت کیا گیا ہے۔

فیصلے کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ فنانس ڈویژن نے 17 نومبر 2026 کو فیصلے کی باضابطہ منظوری دی اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے 20 نومبر کو آفس میمورنڈم جاری کیا۔

مزید بتایا گیا کہ جوائنٹ سیکریٹری اسٹیٹ فیاض الحق کی جانب سے  نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور اس فیصلے سے متعلق آفس میمورنڈم تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔