معروف ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) نے پری آرڈرز اور ریلیز کے پہلے روز 2 کروڑ 45 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت کرکے اندازاً 2.36 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرلی۔
اینالیٹکس پلیٹ فارم سینسر ٹاور کے مطابق اس غیر معمولی آمدنی کے باعث جی ٹی اے 6 کی لانچ کو تاریخ کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ لانچ قرار دیا جا رہا ہے۔ گیم کی ریلیز کے ساتھ ہی اس کی فرنچائز کی گزشتہ قسط کے بعد 13 سال سے جاری انتظار بھی ختم ہوگیا۔
سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے مطابق گیم کے مجموعی فروخت میں پلے اسٹیشن کا حصہ 75 فی صد رہا جبکہ باقی 25 فی صد فروخت ایکس باکس پر ہوئی۔
اس کامیابی کا موازنہ ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ سے بھی کیا جا رہا ہے، جو 2019 میں ریلیز ہوئی تھی اور دنیا بھر میں باکس آفس پر مجموعی کمائی کے لحاظ سے اب تک سب سے زیادہ کامیاب فلم ہے۔
ایونجرز: اینڈ گیم نے سینما گھروں میں اپنی پوری نمائش کے دوران تقریباً 3 ارب ڈالر (2.2 ارب پاؤنڈ) کمائے تھے، جبکہ اپریل 2019 میں ریلیز کے ابتدائی دنوں میں اس کی عالمی کمائی 1.2 ارب ڈالر (90 کروڑ پاؤنڈ) رہی تھی۔