4 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت، آئی ایم ایف کی شرط نظرانداز

رواں سیزن کے دوران چینی کی مجموعی برآمدی اجازت 7 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی ہے


شہباز رانا November 20, 2026

حکومت نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پوری کیے بغیر مزید 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی۔

 اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جمعہ کو یہ منظوری متعلقہ وزارتوں کو سمری ارسال کیے بغیر دی، جس کے بعد رواں سیزن کے دوران چینی کی مجموعی برآمدی اجازت 7 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ راناتنویر حسین نے اجلاس کے بعد ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ای سی سی نے 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنے کی منظوری دی ہے، گنے کی کرشنگ کاسیزن شروع ہونیوالا ہے اور ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔

یہ گزشتہ چار ماہ کے دوران چینی برآمدکرنے کی تیسری اجازت ہے، اس سے قبل اگست میں درآمدکی گئی ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی جبکہ ستمبرکے وسط میں مقامی طور پر تیارکردہ 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

صنعتی ذرائع کے مطابق چینی کی 6 لاکھ ٹن برآمدکرنے کا فیصلہ کئی ماہ قبل کرلیاگیا تھا، تاہم ذرائع ابلاغ میں ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلیے اس فیصلے پر دو مراحل میں عمل درآمدکیاگیا۔

ذرائع کاکہناہے کہ چینی کی برآمد سے متعلق معاملات پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی سطح پر طے کیے گئے اور بعدازاں سمری ای سی سی کے سامنے اضافی ایجنڈاآئٹم کے طور پر پیش کی گئی۔معاملے کوخفیہ رکھنے کیلیے چینی برآمدکرنے کی سمری ای سی سی کے باقاعدہ ایجنڈے میں شامل نہیں کی گئی اور نہ ہی متعلقہ وزارتوں کو اسکی پیشگی نقل فراہم کی گئی۔

 ای سی سی چیئرمین کو اضافی ایجنڈا پیش کرنے کا اختیارحاصل ہے، تاہم اس طریقہ کار کے باعث متعلقہ وزارتوں کو فیصلے پر غور اور اپنی رائے دینے کاموقع نہیں ملتا۔

اجلاس میں شریک ایک عہدیدار کے مطابق ای سی سی کے چیئرمین اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی ضرورت پر زوردیا، تاہم اسی اجلاس میں ایک مرتبہ پھر چینی کی برآمد کی اجازت بھی دے دی گئی،حالانکہ یہ شعبہ سخت حکومتی ضابطوں کے تحت کام کررہاہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے شرط عائدکررکھی ہے کہ چینی کے شعبے کومکمل ڈی ریگولیٹ کیاجائے اور چینی کی درآمد و برآمدمیں حکومت کاکردارختم کیاجائے،تاہم حکومت یہ شرط پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔

سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کے مطابق ایک صوبے کے انکارکے باعث اس شرط پر عمل درآمدنہیں ہوسکا۔حکومت نے چینی کی برآمدکی منظوری ایسے وقت میں دی ہے جب آئی ایم ایف کاایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی درخواست پر غور کرنے والا ہے۔