پنجاب میں پنچایت نظام قانونی طور پر بحال کرنے کا ڈرافٹ تیار

مجوزہ قانون کو پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 کا نام دیا گیا ہے


وقاص احمد November 21, 2026

اسلام آباد:

پنجاب میں پنچایت نظام قانونی طور پر بحال کرنے کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 کے مجوزہ ڈرافٹ کی منظوری دیدی ۔

 مجوزہ ڈرافٹ پر عوام سے بھی تجاویز لینے کا حکم دیا گیا ہے ، مجوزہ ڈرافٹ کے تحت 15 دن میں تنازعات کے تصفیے کی تجویز ، ریٹائرڈ ججز ، ریٹائرڈ فوجی افسر ، رٹائرڈ سرکاری افسر ، وکلا ، اساتذہ اور علمائے کرام پنچایتی مقرر ہو سکیں گے، ڈپٹی کمشنر کو تقرری ، نگرانی اور برطرفی کے اختیارات ہوگا ۔

پنچایت نظام کے تحت دیوانی ، خاندانی ، گھریلو ، ہمسایوں کے درمیان تنازعات ، جائیداد ، زمین کی حدود ، قبضے ، کاروباری معاملات اور مالی لین دین سے متعلق تنازعات حل کرائے جا سکیں گے ، پنچایتی کی مدت تین سال ہوگی ، تسلی بخش کارکردگی پر دوبارہ مقرر کیا جا سکے گا ، مجوزہ قانون کو پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 کا نام دیا گیا ہے۔

 ایڈوکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب کے عوام کی تجویز کیلئے مجوزہ ڈرافٹ پبلک کر دیا ، مجوزہ ڈرافٹ کے تحت ہر ضلع کے مختلف علاقوں میں ڈپٹی کمشنر ایک یا ایک سے زائد پنچایتی مقرر کر سکے گا جبکہ پنچایتی کو فریقین کی رضامندی سے تنازعات کے حل کے لئے ثالثی اور مصالحت کا اختیار حاصل ہوگا، پنچایتی کو 15 دن کے اندر تنازع کے تصفیے کی کوشش کرنا ہوگی جبکہ پنچایتی فریقین کی رضامندی کے بغیر کسی معاملے کی کارروائی یا فیصلہ نہیں کر سکے گا۔

 اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کسی ایسے دوسرے موزوں شخص کو بھی پنچایتی مقرر کر سکے گا جو علاقے میں عزت ، اعتماد اور اچھی شہرت رکھتا ہو۔