کراچی: نیوی اہلکار کے قتل میں مطلوب دو زخمیوں سمجت 3 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور موبائل فون برآمد کرلیا گیا


اسٹاف رپورٹر November 21, 2026
فوٹو: فائل

منگھوپیر پولیس نے اجتماع گاہ روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد سعید آباد میں نیوی اہلکار محمد ندیم کے قتل میں مطلوب  دو زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق منگھوپیر پولیس نے خفیہ اطلاع پر سعید آباد میں قتل ہونے والے نیوی اہلکار محمد ندیم کے قتل میں ملوث مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے اجتماع گاہ روڈ پر کارروائی کی۔

پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت تین ملزمان کو  گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت راجہ ولد پریم عرف جان محمد، شارق عرف شہریار ولد رسول احمد اور صابر شاہ ولد اختر شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ راجہ اور شارق پولیس مقابلے میں زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول، ایمونیشن اور موبائل فون برآمد کیے گئے جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی تحویل میں لے لیے گئے۔

ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی، جس کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال جبکہ تیسرے ملزم کو تھانے منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی چھان بین کی جارہی ہے جبکہ نیوی اہلکار کے قتل کے مقدمے میں ملزمان کے کردار اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔