پر اعتماد ہوں، جلد بیٹنگ فارم بحال ہوجائے گی، بابر اعظم

تسلسل سے اچھی گیند بازی کرنے والے بولرز کپتان کے لیے آسانی پیدا کرتے ہیں، بابر اعظم


اسپورٹس ڈیسک November 21, 2026

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اپنی بیٹنگ کے بارے میں پر اعتماد ہوں اور غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کروں گا، جلد آپ کو نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ آنا شروع ہو جائیں گے۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد پی سی بی پوڈ کاسٹ اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں، ڈومیسٹک میں بھی ایسی پچز پر کھیلا ہے، بطور ٹیم آپ کو ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، نئے کھلاڑیوں کا ٹیم کے لیے پرفارم کرنا خوش آئند بات ہے۔
 
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ثاقب خان نے کنٹرول کے ساتھ بولنگ کروائی، تسلسل سے اچھی گیند بازی کرنے والے بولرز کپتان کے لیے آسانی پیدا کرتے ہیں۔ محمد عباس تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ہر کنڈیشن میں بولنگ کرنا جانتے ہیں، نوجوان فاسٹ بولرز کو ان کے تجربے سے سیکھنا چاہیے۔

بابر اعظم نے کہا کہ طیب عارف اور محمد طحہٰ مختلف قسم کے کھلاڑی ہیں جو ہماری بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیمیں نئے بلے بازوں کو بہت زیادہ چیلنج کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی۔