پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے والد ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مقبول ویڈیو گیم جی ٹی اے 6 سے دور رکھیں۔
حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے کہا کہ جی ٹی اے 6 میں تشدد، گالم گلوچ، گاڑیوں کی چوری، پولیس پر فائرنگ اور غیر اخلاقی مناظر جیسے عناصر موجود ہیں جو بچوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے گیم کھیلتے ہوئے ورچوئل دنیا میں اس قدر مگن ہو جاتے ہیں کہ انہیں حقیقت اور کھیل کے درمیان فرق کا احساس کم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس گیم میں زیادہ وقت گزارنے سے بچے نماز کے اوقات کو بھی نظرانداز کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ذوالفقار نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی گیمنگ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کہ انہیں ایسی گیمز کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے یا نہیں۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کچھ نے ڈکی بھائی کے ماضی میں گیمنگ سے وابستہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ تبصرے کیے۔