انقرہ: ترکیہ نے اپنا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ’’بائراکتار قزل ایلما‘‘ (Bayraktar Kızılelma) باضابطہ طور پر سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں تین طیارے ترک افواج کی انوینٹری میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد ترکیہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اس نوعیت کے بغیر پائلٹ لڑاکا طیارے کو فوجی سروس میں شامل کیا ہے۔
ترک دفاعی کمپنی بائیکار (Baykar) کے مطابق تینوں طیاروں نے قبولیت کے ضروری تجربات کامیابی سے مکمل کیے، جس کے بعد 19 نومبر کو انہیں ترک سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے قزل ایلما کی فوجی انوینٹری میں شمولیت کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک عظیم خواب حقیقت بننے کا دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ بائراکتار قزل ایلما ترک فوج کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور ملک کی فضائی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
قزل ایلما ایک جیٹ انجن سے چلنے والا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ ہے، جسے فضائی لڑائی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسے ترک کمپنی بائیکار نے اپنے وسائل سے تیار کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار آواز کی رفتار کے تقریباً 90 فیصد، یعنی میک 0.9 تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ یہ تین گھنٹے سے زیادہ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
طیارے کی لمبائی تقریباً 14.5 میٹر، پروں کا پھیلاؤ 10 میٹر اور زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 8.5 ٹن ہے۔ اسے فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف مختلف ہتھیار استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
بائیکار کے مطابق قزل ایلما پروگرام کے تحت اب تک آزمائشی اور تربیتی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر 600 پروازیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ طیارے نے پہلی کامیاب پرواز 14 دسمبر 2022 کو کی تھی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی سروس میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم تین طیاروں کی حوالگی کے بعد ان کی عملی تعیناتی، مخصوص فوجی یونٹ اور مختلف مشنز کے لیے دستیابی سے متعلق تمام تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔