شاہنواز بھٹو نڈر، بے باک اور انقلابی نظریاتی رہنما تھے، بلاول

شہید شاہنواز بھٹو کا نام اور ان کی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ اور کارکنوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی


محمد سلیم جھنڈیر November 21, 2026

کراچی:

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شاہنواز بھٹو نڈر، بے باک اور انقلابی نظریاتی رہنما تھے۔

شہید شاہنواز بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اپنے  پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  شہید شاہنواز بھٹو کو جمہوریت، عوامی حقوق اور اپنے نظریات سے غیرمتزلزل وابستگی کی پاداش میں آمرانہ قوتوں کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نےکہا کہ  شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت ہمیں بھٹو خاندان کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ بھٹو خاندان نے جمہوریت اور  عوام کے حقوق کے لیے دی گئی لازوال قربانیاں  دیں۔  جبر کی قوتیں جسموں کو خاموش کر سکتی ہیں، مگر نظریات، قربانیوں اور حق کی آواز کو کبھی مٹا نہیں سکتیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  شہید شاہنواز بھٹو کا نام اور ان کی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ اور کارکنوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔  

انہوں نے اپنے بیان میں عوام اور پارٹی  کارکنان کو شہید شاہنواز بھٹو کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔