’اے آئی کی دوڑ روکو، ہم مرنا نہیں چاہتے‘، اینتھروپک کمپنی کے باہر مظاہرین کا احتجاج

یہ احتجاج اسی روز ہوا جب کمپنی نے اسٹاک مارکیٹ میں اپنے حصص کو عوامی فروخت کے لئے پیش کیا


ویب ڈیسک November 21, 2026

سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف کمپنی اینتھروپک کے خلاف امریکی شہر سان فرانسسکو میں احتجاج کیا گیا، جہاں مظاہرین نے کمپنی پر زیادہ طاقتور اے آئی ماڈلز تیار کرنے کی دوڑ میں انسانی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو تقریباً 100 افراد نے بارش کے باوجود اینتھروپک کے دفاتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ یہ احتجاج اسی روز ہوا جب کمپنی نے اسٹاک مارکیٹ میں اپنے حصص کی عوامی فروخت (آئی پی او) کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے اپنے حصص پیش کیے۔

مظاہرین نے نعرے لگائے کہ ’’ریکَرْسِو سیلف امپروومنٹ پر پابندی لگاؤ، ہم مرنا نہیں چاہتے۔‘‘ ان کے پلے کارڈز پر ’’انسانیت کی تباہی میں سرمایہ کاری نہ کرو‘‘ اور ’’اے آئی کی دوڑ روکو‘‘ جیسے پیغامات بھی درج تھے۔

احتجاج کا بنیادی مطالبہ ریکَرْسِو سیلف امپروومنٹ (RSI) پر پابندی تھا۔ اس اصطلاح سے مراد ایسی جدید مصنوعی ذہانت ہے جو خودمختار طور پر اپنے نئے اور زیادہ طاقتور ورژن تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے۔

اس ٹیکنالوجی کے ناقدین کو خدشہ ہے کہ اگر اے آئی نظام خود کو مسلسل بہتر بنانے لگے تو اس کی رفتار اور صلاحیتوں پر انسانی کنٹرول برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں انسانیت کے لیے سنگین خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔

72 سالہ سابق لائبریرین ٹارنل ایبٹ نے احتجاج کے دوران کہا کہ کمپنی ایسی ٹیکنالوجی سے منافع کمانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے بارے میں خود اس کے ذمہ دار بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اس سے زمین پر زندگی، بالخصوص انسانی زندگی، کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

لاس اینجلس سے احتجاج میں شرکت کے لیے آنے والی 31 سالہ ایملی ٹین نے اے آئی کی پیش رفت کو ایک ایسا معاملہ قرار دیا جس کی حقیقت عام لوگوں سے پوشیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر افراد، حتیٰ کہ سان فرانسسکو کے رہائشی بھی، اس ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت سے پوری طرح آگاہ نہیں۔

احتجاج میں اینتھروپک کے سابق محقق جیکب کوکسن بھی شریک ہوئے، جنہوں نے ستمبر میں کمپنی سے استعفیٰ دیتے ہوئے اے آئی کی حفاظت سے متعلق خدشات ظاہر کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں چند ہی مقامات ایسے ہیں جہاں 2027 میں خود کو بہتر بنانے والی اے آئی ٹیکنالوجی تیار کرنا ممکن ہوگا اور اینتھروپک کا دفتر بھی ان میں شامل ہے۔

تاہم اینتھروپک کا مؤقف ہے کہ اس کے اے آئی ماڈلز ابھی تک خودکار طور پر اپنی نئی نسل تیار کرنے کے مرحلے تک نہیں پہنچے۔

مظاہرین نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اینتھروپک کے لیے سرمایہ کاروں کے دباؤ کے باوجود انسانی سلامتی کو منافع پر ترجیح دینا مشکل ہوسکتا ہے۔ کمپنی کی بنیاد اوپن اے آئی کے سابق ملازمین نے رکھی تھی، جنہوں نے کاروباری فیصلوں پر اختلاف کے بعد ایک ایسی تنظیم بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا جو اے آئی کی حفاظت کو اولین ترجیح دے۔

اے آئی سیفٹی کے شعبے سے وابستہ محقق ٹائلر ٹریسی نے کہا کہ کمپنی اے آئی کی ترقی کی رفتار کم کرنے کی بات تو کرتی ہے، لیکن ان کے خیال میں اس مقصد کے لیے خاطر خواہ کوشش نہیں کی جارہی۔

اوپن اے آئی کے سابق ملازم ڈینیئل کوکوٹاجلو نے بھی کہا کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بعض افراد کا مؤقف ہے کہ اگر وہ جدید اے آئی تیار نہیں کریں گے تو کوئی حریف کمپنی یا چین یہ کام کرلے گا۔ ان کے مطابق اس دلیل سے ان کے خدشات دور نہیں ہوتے۔

احتجاج میں شریک کئی افراد نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی اے آئی ٹولز استعمال کرتے ہیں اور انہیں مفید سمجھتے ہیں، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار کم کی جائے اور حفاظتی اقدامات کو زیادہ مؤثر بنایا جائے۔

احتجاج سے ایک روز قبل محققین، کاروباری شخصیات اور ماہرین تعلیم کے دستخطوں سے جاری ایک کھلے خط میں بھی اینتھروپک کو محفوظ اے آئی کمپنی قرار دینے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

مظاہرین کے مقابلے میں ایک شخص کمپنی کی حمایت میں پلے کارڈ اٹھائے کھڑا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اینتھروپک کی ٹیکنالوجی سے اسے امید ہے کہ اس کی زندگی مزید دس سال بڑھ سکتی ہے، جبکہ ایک مظاہرین نے اس کے برعکس خدشہ ظاہر کیا کہ یہی ٹیکنالوجی چند سال میں اس کی موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔