پاکستان ٹیم بڑے عالمی مقابلوں میں دباؤ برداشت کرنے میں ناکام رہتی ہے، سابق کوچ

نوجوان کھلاڑیوں سے ٹیم میں مثبت تبدیلی آئی، انہیں جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے کر مزید نکھارنے کی ضرورت ہے


یاسر علی November 21, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور فرسٹ کلاس کرکٹر آفتاب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، تاہم یہ بہتری زیادہ تر دو طرفہ سیریز تک محدود دکھائی دیتی ہے۔ بڑے عالمی مقابلوں میں ٹیم اکثر توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتی ہے اور دباؤ کو مؤثر انداز میں برداشت نہیں کر پاتی۔ نوجوان کھلاڑیوں کی آمد سے ٹیم میں مثبت تبدیلی آئی ہے، تاہم انہیں جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے کر مزید نکھارنے کی ضرورت ہے.

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق فیلڈنگ کوچ آفتاب خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جس کا عملی مظاہرہ ملکی کرکٹ مقابلوں اور قومی و بین الاقوامی ٹیموں میں صوبے کے کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی سے ہوتا ہے۔ یہ صوبے کی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم یہاں جدید کرکٹ سے ہم آہنگ مستند اور تجربہ کار کوچز کی کمی ہے، جو نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تکنیک، کھیل کی حکمت عملی اور تربیتی طریقوں سے روشناس کرا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں جدید کرکٹ کے تقاضوں سے واقف کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت اور مشقوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو خیبرپختونخوا اور پشاور سے مزید باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

آفتاب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں گزشتہ برسوں کے دوران بہتری ضرور آئی ہے، تاہم عالمی معیار تک پہنچنے کے لیے کئی شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔ بورڈ کی جانب سے اسکول کرکٹ پر توجہ ایک اچھا اقدام ہے، تاہم کلب کرکٹ کو بھی یکساں اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں متعدد نامور کھلاڑی کلب کرکٹ سے سامنے آئے اور بعد ازاں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔ اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کلب کرکٹ کے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 مقابلوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

کلبوں کو معیاری میدان، بہتر سہولیات، تربیتی سامان اور مستند کوچز فراہم کیے جائیں تو یہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچز کا جدید کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ عالمی سطح کے کوچز کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد، تکنیک، ذہنی مضبوطی اور کھیل کی حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے کن طریقوں سے کام کرتے ہیں۔ جدید خطوط پر تربیت کے بغیر عالمی سطح پر مضبوط حریفوں کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔

سابق کوچ نے کہا کہ بیٹنگ اور باؤلنگ میں ہر کھلاڑی کی قدرتی صلاحیت اور مہارت مختلف ہوتی ہے۔ کوئی کھلاڑی بیٹنگ میں بہتر ہوتا ہے تو کوئی باؤلنگ میں۔ ایک اچھے کوچ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑی کی قدرتی صلاحیت کو پہچان کر اسی شعبے میں اس کی مہارت کو مزید بہتر بنائے۔ تمام کھلاڑیوں کو ایک ہی انداز میں تربیت دینے کے بجائے ان کی انفرادی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنا زیادہ مؤثر ہے۔

آفتاب خان نے کہا کہ کرکٹ میں سفارش کا عنصر بعض اوقات سامنے آتا ہے، تاہم محض سفارش کی بنیاد پر طویل عرصے تک آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ کھلاڑی میں حقیقی صلاحیت، مسلسل محنت اور اچھی کارکردگی ہونا بھی ضروری ہے۔ اگر میرٹ اور کارکردگی کو ترجیح دی جائے تو باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بہتر مواقع مل سکتے ہیں۔

انہوں نے کرکٹ اکیڈمیز اور کلبوں کے قیام کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو پیشہ ور کوچز، سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کی نگرانی میں تربیت دی جائے۔ محض اکیڈمی قائم کرنے سے معیاری کھلاڑی پیدا نہیں ہوں گے، بلکہ جدید تربیتی نظام، تجربہ کار کوچز اور مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے۔

اپنے کوچنگ تجربے کے حوالے سے آفتاب خان نے بتایا کہ وہ پاکستان اور قطر کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے ساتھ پانچ سال خدمات انجام دیں۔ وہ 2017ء سے پاکستان کی ملکی کرکٹ میں بطور کوچ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے امریکا میں کام کے تجربے کو بھی خوشگوار قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں نائٹ رائیڈرز کی فرنچائز کے ساتھ کام کیا، جو مقامی کرکٹ مقابلوں میں حصہ لیتی تھی۔ بعد ازاں قطر کی قومی ٹیم کے ساتھ ایک سالہ معاہدے کے تحت خدمات انجام دیں، جو ان کے لیے کامیاب تجربہ رہا۔

اس دوران قطر کی ٹیم کی فیلڈنگ اور بیٹنگ میں نمایاں بہتری آئی اور کھلاڑی سیکھنے کے لیے خاصے پرجوش تھے، جس کے مثبت اثرات اہم بین الاقوامی مقابلوں میں بھی دیکھنے کو ملے۔ قطر کی ٹیم معاہدے میں توسیع کی خواہاں تھی، تاہم بعض وجوہات کے باعث وہ مزید کام جاری نہ رکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر مضبوط کرکٹ ٹیموں کے کھیلنے کے انداز، حکمت عملی اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کرکٹ بہتر بنانا ہوگی۔ اس کے ساتھ نچلی سطح پر ایسے کھلاڑی تیار کرنے اور انہیں تربیت دینے کی ضرورت ہے جو عالمی کرکٹ کے معیار سے ہم آہنگ ہوں۔ بنیادی سطح سے جدید کرکٹ کے مطابق کھلاڑی تیار کیے جائیں تو بڑے عالمی مقابلوں میں بھی بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

آفتاب خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بلکہ ضرورت نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت، بہتر سہولیات اور میرٹ پر مبنی مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ اور متعلقہ ادارے کلب کرکٹ اور نوجوان کھلاڑیوں پر سنجیدگی سے سرمایہ کاری کریں تو خیبرپختونخوا مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو مزید باصلاحیت کھلاڑی فراہم کر سکتا ہے۔