الزامات کی سیاست چھوڑ کر خطے کے مسائل شواہد کی بنیاد پر حل کیے جائیں، مصدق ملک

پاکستان امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کی جانے والی ہر سنجیدہ کوشش میں تعاون کرے گا، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک November 21, 2026

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے ممالک کو ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے بجائے پورے خطے کو درپیش مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  تمام معاملات ٹھوس شواہد کی روشنی میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں پاکستانی وفد تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہے، جہاں  وفاقی وزیر آج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی فورم سے خطاب کریں گے۔

نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ خطے کے ممالک کا ایک جگہ جمع ہوکر مذاکرات کرنا بہتری اور مثبت پیش رفت کی امید پیدا کرتا ہے۔ پاکستان بھی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کی جانے والی ہر سنجیدہ کوشش میں تعاون کرے گا۔

بھارتی صحافی کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے بری طرح متاثر رہا ہے۔ اس مسئلے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار وضع کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے متعدد مرتبہ شفاف طریقہ کار کی تجاویز پیش کرچکا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے مسائل کو باہمی الزام تراشی کے بجائے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے، تاکہ ممالک کے درمیان اعتماد پیدا ہو اور امن و سلامتی کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔