لاہور:
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں طالب علم پر تشدد کے واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نجی اسکول کے استاد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق بچے کی والدہ نے تھانے میں درخواست دی کہ ان کا بیٹا جواد نجی اسکول میں زیر تعلیم ہے، جہاں استاد ابوبکر نے اسے تھپڑ مارے۔
درخواست گزار کے مطابق استاد پہلے بھی بچے کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے اور اس حوالے سے اسکول انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس نے استاد ابوبکر سے تفتیش کی جس پر اُس نے بچے کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا۔ اقبال ٹاؤن پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔