کراچی:
کراچی کے پوش علاقوں میں گھروں میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث مبینہ ہائی پروفائل ہاؤس رابری گینگ پکڑا گیا، پولیس نے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان جوہر آباد، ڈیفنس اور خواجہ اجمیر نگری سمیت مختلف علاقوں میں گھروں میں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 20 موبائل فونز، طلائی زیورات، اسلحہ، ایک کار اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں جبکہ ان کے دیگر جرائم اور وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔