اسلام آباد:
راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا گیا۔
ڈاکٹر عارف کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے بانی اور بشریٰ بی بی کا بلڈ پریشر، آنکھوں کا چیک اپ اور مکمل طبی معائنہ کیا، جیل اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر عارف کو طبی عملے کی معاونت فراہم کی گئی۔
خصوصی میڈیکل ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹے تک دونوں کا الگ الگ طبی معائنہ کیا، طبی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو واپس اپنے اپنے سیلز میں منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹر عارف طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ سے واپس روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلیں 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو تمام میڈیکل سہولیات فراہم کرنے اور ان کے جیل سیل میں حفظان صحت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کی جانب سے مرکزی اپیلوں پر دلائل کے آغاز کرنے کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی تاہم عدالت نے کیس کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں پر سماعت کی لائیو اسٹریمنگ کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔