وٹامن بی 3 کی یہ قسم بالوں کی صحت اور چمک برقرار رکھنے میں مددگار

بالوں کی نگہداشت میں وٹامن بی 3 کی ایک قسم نیاسینامائڈ کو بھی اہم جزو سمجھا جاتا ہے


ویب ڈیسک November 22, 2026

بالوں کو مضبوط، گھنا اور چمک دار رکھنے کے لیے لوگ مختلف گھریلو طریقے اپنانے کے ساتھ مہنگی مصنوعات بھی استعمال کرتے ہیں۔ بالوں کی نگہداشت میں وٹامن بی 3 کی ایک قسم نیاسینامائڈ کو بھی اہم جزو سمجھا جاتا ہے، جو سر کی جلد کی صحت بہتر بنانے اور بالوں میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

نیاسینامائڈ بالوں کے سیرم اور شیمپو سمیت مختلف مصنوعات میں شامل کیا جاتا ہے۔ ماہر امراض جلد ڈاکٹر مونیکا بامبرو کے مطابق یہ پانی میں حل ہونے والا وٹامن ہے، جس کا تعلق وٹامن بی کمپلیکس سے ہے اور یہ جسم میں مختلف خلیاتی عمل کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نیاسینامائڈ سر کی جلد میں خون کی گردش بہتر بنانے اور سوزش کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بالوں میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے ان کی لچک اور مضبوطی برقرار رہ سکتی ہے۔ مناسب نمی والے بال نسبتاً کم ٹوٹتے ہیں۔

بالوں کی پروٹین ساخت کو سہارا دینے کی صلاحیت کے باعث نیاسینامائڈ کو بالوں کی مضبوطی اور لچک کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔ اس سے بالوں کے ٹوٹنے کا امکان کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کی سوزش کم کرنے والی خصوصیات سر کی جلد پر جلن، سرخی اور خارش میں بھی کمی لانے میں معاون ہوسکتی ہیں، خصوصاً ایسی صورتوں میں جہاں یہ علامات خشکی یا جلد کے دیگر مسائل سے وابستہ ہوں۔

بالوں کے جھڑنے کے حوالے سے بھی نیاسینامائڈ پر بات کی جاتی ہے۔ بعض معلومات کے مطابق یہ ڈائی ہائیڈروٹیسٹوسٹیرون (ڈی ایچ ٹی) سے وابستہ اثرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، تاہم بالوں کے جھڑنے کی روک تھام کے لیے اس کی افادیت کو یقینی علاج نہیں سمجھنا چاہیے۔

نیاسینامائڈ بالوں کی مجموعی ساخت بہتر بنانے اور انہیں نسبتاً ہموار اور چمک دار دکھانے میں بھی مددگار ہوسکتا ہے۔ بالوں کو رنگنے والی خواتین کے لیے بھی اسے مفید قرار دیا جاتا ہے، کیونکہ یہ ماحولیاتی اثرات سے بالوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے اور رنگ کی چمک برقرار رکھنے میں معاون ہوسکتا ہے۔

ماہرین بالوں کی بہتر نگہداشت کے لیے انہیں باقاعدگی سے دھونے اور کنڈیشنر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ ہیئر اسٹائلنگ اور کرلر کے استعمال سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ کسی نئے سپلیمنٹ کا استعمال شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔