جاپان نے سعودی عرب کو خام تیل ذخیرہ کرنے کے لیے مزید 16 ملین بیرل گنجائش فراہم کرنے اور اپنے قومی ذخائر کے لیے سعودی عرب سے 8 ملین بیرل تک تیل خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ پیش رفت سعودی عرب اور جاپان کے درمیان توانائی کے تحفظ اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے۔
اس حوالے سے 9 نومبر کو سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور جاپان کے وزیر معیشت، تجارت و صنعت ریوسی اکازاوا کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی تھی جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
معاہدے کے تحت جاپان محدود مدت کے لیے اپنے قومی تیل ذخیرہ کرنے کے مراکز میں سعودی عرب کو اضافی 16 ملین بیرل خام تیل رکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس طرح سعودی عرب کے لیے جاپان میں دستیاب مجموعی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 24 ملین بیرل ہوجائے گی، جس میں پہلے سے موجود 8 ملین بیرل کی گنجائش بھی شامل ہے۔
جاپان سازگار مارکیٹ حالات اور ضروری داخلی کارروائی مکمل ہونے سے مشروط سعودی عرب سے 8 ملین بیرل تک خام تیل خرید کر اپنے قومی ذخائر میں شامل کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔
سعودی عرب نے جاپان میں مشترکہ تیل ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں میں دوبارہ تیل بھرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔
دونوں ممالک نے ایشیا میں توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے جاپان کے ’’پاور ایشیا‘‘ اقدام کے تحت تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش اور باب المندب میں سعودی بحریہ کی ناکہ بندی تاحال جاری ہے اور امریکی صدر ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں۔