آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور ساحل بونڈی بیچ پر دہشت گرد حملے کے دوران زخمیوں کی مدد کرنے والے دو رضاکاروں نے اسی ساحل کے قریب شادی کرلی جہاں ایک برس قبل پیش آنے والے سانحے کے بعد ان کی دوستی محبت میں بدل گئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 47 سالہ جیمز میکانٹوش اور 36 سالہ الیگزینڈرا ایڈمنڈسن نے جمعہ 20 نومبر کو نارتھ بونڈی کے آرچر پارک میں شادی کی تقریب منعقد کی جس میں تقریباً 200 افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں خاندانوں اور دوستوں کے علاوہ دہشت گرد حملے میں زندہ بچ جانے والے افراد، ہونے والوں کے اہل خانہ اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکار بھی شریک ہوئے۔
14 دسمبر 2025 کو یہ جوڑا ساحل کے قریب ایک کرسمس تقریب میں شرکت کے لیے جارہا تھا کہ ہنوکا کی تقریب میں فائرنگ شروع ہوگئی۔
ابتدائی طور پر دونوں نے محفوظ مقام پر پناہ لی، تاہم فائرنگ رکنے کے بعد زخمیوں کی مدد کے لیے پہنچ گئے۔
دونوں نے متعدد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں اسپتال منتقل کرنے میں مدد دی۔ اس دوران ان کی ملاقات اور مشترکہ تجربات نے دوستی کو مضبوط رشتے میں بدل دیا۔
جیمز اور الیگزینڈرا کی منگنی رواں سال فروری میں میکسیکو کے دورے کے دوران ہوئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کا تعلق یہودی مذہب سے نہیں، تاہم انہوں نے یہودی روایات سے متاثر ہوکر نوحائیڈ روایت کے مطابق شادی کا فیصلہ کیا۔ ان کی شادی معروف ربی لیوی وولف نے کروائی۔
تقریب میں حملے کے دوران زخمی ہونے والے افراد بھی موجود تھے۔ ایک بچی کی والدہ، جس نے حملے میں اپنی 10 سالہ بیٹی کھو دی تھی بھی اتفاقاً وہاں پہنچ گئیں اور تقریب میں شریک ہوئیں۔
یاد رہے کہ 14 دسمبر 2025 کوسڈنی کے مشہور زمانہ بوندی بیچ پر یہودی تہوار حنوکا کی مناسبت پروگرام تھا جس میں دنیا بھر سے سیکڑوں یہودیوں نے شرکت کی تھی۔
اس دوران 50 سالہ ساجد اور اس کے 24 سالہ بیٹے نے جدید خودکار اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں 15 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
حملہ آوروں کو روک کر متعدد افراد کی جان بچانے والے ایک مسلم تارک وطن کو دنیا بھر میں ہیرو قرار دیا گیا تھا اور ان کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں ڈالرز کی بارش کردی گئی تھی۔
اسی حملے کے بعد زخمیوں کی جانیں بچانے والے جیمز میکانٹوش اور الیگزینڈرا ایڈمنڈسن کی دوستی محبت میں بدلی اور دونوں نے 20 نومبر 2026 کو بونڈی بیچ کے قریب شادی کرلی۔
جوڑے کا کہنا تھا کہ اس رشتے کے ذریعے وہ سانحے کے بعد قائم ہونے والی دوستیوں اور مختلف برادریوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔