کراچی:
شہر قائد کے علاقے ملیر شاہ لطیف میں مسلح ملزمان نے تاجر سے 70 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔
متاثرہ تاجر کے مطابق وہ صدر موبائل مارکیٹ سے موبائل فونز لے کر نکلا تھا کہ شاہ لطیف کے علاقے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے روک کر لوٹ مار کی اور قیمتی موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔
صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل بھی تاجروں کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، تاہم ملزمان گرفتار نہیں ہوسکے۔
رضوان عرفان نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو گرفتار کرکے تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔