اسلام آباد:
رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہی واحد حل ہے، یہ معاملہ عوام کے حوالے کیا جائے۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری تنازع کے حل کے لیے ملک میں ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کردی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ اس قدر متنازع شکل اختیار کرچکا ہے کہ اب اس کا بہتر حل عوام سے براہ راست رائے حاصل کرنے میں ہی نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ بحرانی صورتحال کے تناظر میں عوام سے اس معاملے پر رائے لینے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے۔ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی مؤقف سامنے لایا جاسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی طور پر جس حد تک متنازع بنایا جاچکا ہے، اس کا فیصلہ عوام کی رائے کے ذریعے کرنا مناسب ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ریفرنڈم کے معاملے پر خون کی ندیاں بہانے کی بات کررہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض حلقوں کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ ملک کی 83 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔