غزہ: کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر اسرائیلی حملہ، 3 کارکن ہلاک، حماس کی ہنگامی مذاکرات کی پیشکش

حماس کا مطالبہ ہے کہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے


ویب ڈیسک November 22, 2026

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے کھانا پہنچانے والے 3 امدادی کارکن ہلاک ہوگئے، جس کے بعد حماس نے جنگ بندی کے ثالثوں اور ضمانت دینے والے ممالک سے ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کردی ہے۔

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق حملہ غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقے تل الہوا میں ہفتے کی دوپہر ایک ایسی گاڑی پر کیا گیا جو بے گھر فلسطینیوں میں کھانا تقسیم کرنے کے لیے لے جا رہی تھی۔ حملے میں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ 

حماس نے اسرائیلی حملے کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ثالث ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائیں۔

حماس کا مطالبہ ہے کہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور شہریوںں خوراک اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی ممکن بنائی جائے۔

مزید برآں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر عملی اقدامات کیے جائیں اور شہری سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات روکے جائیں.