بابا گورونانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 2339 سکھ یاتری بھارت سے پاکستان پہنچ گئے

یاتریوں کے استقبال کے لیے واہگہ بارڈر پر کھانے اور طبی سہولیات کا انتظام، خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ روانہ ہونگے


آصف محمود November 22, 2026

لاہور:

سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے 3,019 ویزے جاری کیے گئے ہیں جب کہ2339 یاتری پاکستان آئے ہیں، جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔

واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، صوبائی وزیر اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نے بھارتی سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج، شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی نمائندہ سنگت اور دیگر سکھ رہنما بھی موجود تھے۔

حکام کی جانب سے یاتریوں کے استقبال کے لیے واہگہ بارڈر پر کھانے اور طبی سہولیات کا انتظام کیا گیا تھا۔ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔

واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت کی سکھ سنگت نے ساڑھے سات ہزار یاتریوں کے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے تقریباً تین ہزار افراد کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی۔ ان کے مطابق پاکستان نے درخواست دینے والے تمام بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سکھ برادری کے درمیان تاریخی، مذہبی اور روحانی تعلق ہے۔ بابا گورونانک دیو جی کی جنم بھومی ننکانہ صاحب پاکستان میں واقع ہے اور سکھ برادری کے لیے ان مقدس مقامات کی زیارت غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کرتارپور راہداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2019 میں راہداری کھول کر سکھ برادری کو زیارت کی سہولت فراہم کی تھی، جہاں روزانہ پانچ ہزار یاتریوں کی آمد کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ انہوں نے بھارت سے اپیل کی کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند کرتارپور راہداری دوبارہ کھولی جائے تاکہ سکھ یاتری اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو مذہبی آزادی اور اپنی الگ شناخت کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع حاصل ہیں۔ پاکستان میں سکھ میرج ایکٹ بھی موجود ہے، جبکہ پنجاب حکومت 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ سکھ برادری کو اپنے مذہبی ورثے سے دوبارہ جوڑا جاسکے۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بورڈ سکھ برادری کی خدمت اور مذہبی مقامات پر سہولیات کی فراہمی کے لیے موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنم دن کی تقریبات کے لیے متعلقہ مقامات پر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن کے لیے دعاگو ہیں اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے جذبات اور عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔

واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھ مذہب نے ہمیشہ پیار، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ تمام انسان ایک ہی نور سے پیدا ہوئے ہیں، اس لیے کسی انسان کو دوسرے سے بڑا یا چھوٹا نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کو اپنے مقدس مقام کی زیارت کا موقع ملنا چاہیے۔

گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے پاکستان سے اپنے خاندانی اور تاریخی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان کی پھوپھو لگتی ہیں، جبکہ ان کے آبائی گاؤں جبووال کے قریب جاتی عمرہ واقع ہے۔ انہوں نے اپنے اجداد کا تعلق معروف پہلوان گاما پہلوان کے گاؤں سے بھی بتایا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ یاتریوں کی آمد سے قبل گزشتہ تین ماہ سے انتظامات کیے جا رہے تھے تاکہ مہمانوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہ رہے۔ ان کے مطابق بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

حکام کے مطابق 23 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے، جبکہ 24 نومبر کو نگر کیرتن اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی بھوگ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ 25 نومبر کو یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب، کرتارپور صاحب اور لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی زیارت کریں گے۔
اس کے علاوہ 29 نومبر کو الحمرا لاہور میں بابا گورونانک دیو جی کی تعلیمات کے حوالے سے سمپوزیم منعقد کیا جائے گا، جبکہ 30 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ثقافتی اور صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے بھی سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کے لیے رہائش، لنگر، طبی امداد، سفری سہولیات اور سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ گوردواروں میں بینکنگ، کرنسی ایکسچینج اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے تین ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انتظامات میں متروکہ وقف املاک بورڈ، پنجاب حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے شریک ہیں۔
بابا گورونانک دیو جی کا 557واں جنم دن منانے کے لیے ہونے والی تقریبات میں مذہبی رسومات کے ساتھ مختلف ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں، جن میں دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت شرکت کرے گی۔.