آسٹریلوی سفارت خانے نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں کو سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملک کا سفر نہ کرنے اور پہلے سے طے شدہ دورے ملتوی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
آسٹریلوی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال کے باعث شہریوں کو مملکت کا سفر نہیں کرنا چاہیے، اس ہدایت کا اطلاق مذہبی مقاصد کے لیے سفر کرنے والوں پر بھی ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں تیل اور توانائی کی تنصیبات، کمپنیوں کے دفاتر، ہوائی اڈوں اور بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے یا انہیں نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
سفارت خانے نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سمیت حساس مقامات کے قریب انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
آسٹریلوی حکام نے شہریوں کو ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیکیورٹی واقعات کے باعث ان ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے سعودی ہوائی اڈوں اور فضائی حدود کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، جس کے باعث تمام ایئرپورٹس آنے اور جانے والے مسافروں کو غیر معمولی احتیاط برتنی چاہیے۔
سفارت خانے کے مطابق سعودی عرب کے بڑے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن شدید متاثر ہیں، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور تاخیر معمول بن چکی ہے۔
آسٹریلوی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ سعودی عرب چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو محفوظ ہونے کی صورت میں نجی گاڑی، ٹرین اور بس کے ذریعے متحدہ عرب امارات اور قطر کے ہوائی اڈوں تک پہنچنے کے متبادل راستوں پر غور کریں۔
جو شہری فضائی سفر کے ذریعے روانہ ہونا چاہتے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرلائن سے پرواز کی دوبارہ تصدیق کیے بغیر ایئرپورٹ روانہ نہ ہوں اور ہوائی اڈوں پر قیام کا دورانیہ کم سے کم رکھیں۔
سفارت خانے نے سعودی عرب میں قیام کرنے والے آسٹریلوی شہریوں کو کسی بھی وقت محفوظ مقام پر پناہ لینے کے لیے تیار رہنے اور خوراک، پانی سمیت ضروری اشیا کا مناسب ذخیرہ رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل یا ڈرون حملے کی صورت میں کسی مضبوط عمارت میں پناہ لیں اور کھڑکیوں سے دور رہیں، کیونکہ میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد گرنے والا ملبہ بھی جانی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
آسٹریلوی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب میں اہم تنصیبات، فوجی کارروائیوں، میزائلوں کی لانچنگ اور ڈرون سرگرمیوں کی ویڈیو بنانے یا تصاویر کھینچنے پر پابندی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی اور فوجداری مقدمے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حوثی حملوں کے خدشات کے باعث متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو سعودی عرب کے سفر سے متعلق احتیاطی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔