ایران نے بیک وقت دو میزائل داغنے والا نیا لانچر متعارف کرا دیا

پاسداران انقلاب سربراہ احمد واحدی اور فضائیہ کمانڈر مجید موسوی کی زیر زمین میزائل اڈے کے دورے کی فوٹیج بھی نشر کی۔


ویب ڈیسک November 22, 2026
ایران نے بیک وقت دو میزائل داغنے والا نیا لانچر متعارف کرا دیا

ایرانی فوجی کمانڈرز نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا نیا لانچر متعارف کرا دیا۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ہفتے کے روز پہلی مرتبہ ایسا میزائل لانچر پیش کیا گیا جو بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سرکاری ٹیلی وژن نے پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد واحدی اور فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی کی ایک زیر زمین میزائل اڈے کے دورے کی فوٹیج بھی نشر کی۔

جس میں دونوں کمانڈرز کو میزائلوں اور فوجی سازوسامان سے بھرے طویل زیر زمین سرنگوں میں دیکھا گیا۔

اس موقع پر پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد واحدی نے کہا کہ دشمن کو پہنچنے والا نقصان محض آغاز ہے، اسے مزید ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو تنازعات کے دوران ایران کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور جدید ہتھیار دشمن کو خوفزدہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک نئے زیر زمین میزائل اڈے کی رونمائی کی تھی جہاں بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت مختلف فوجی سازوسامان موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تاہم ایران نے نئے میزائل لانچر کی مکمل تکنیکی تفصیلات، اس کی عملی آزمائش یا جنگ میں استعمال ہونے کی تصدیق نہیں کی۔