پشاور میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے تین دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے 02 کلاشنکوف، 01 پستول، 03 ہینڈ گرنیڈ، 05 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے


کرائم رپورٹر November 22, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور کے نواحی علاقہ  متنی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تین دہشت گرد مار دیے گئے۔

 فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ ادیزی خوڑ متنی، پشاور میں موجود تھے جہاں وہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔ 

دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوانوں نے اپنے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔

فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 03 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے 02 کلاشنکوف، 01 پستول، 03 ہینڈ گرنیڈ، 05 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔

فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔