نئے صوبوں کا معاملہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا نئے سال پر ریفرنڈم ہوجائے گا، خواجہ آصف

فی الوقت ریفرنڈم کا حتمی ٹائم نہیں دے سکتا، انتظامی یونٹس آئینی طور پر بنائیں گے، پہلے ون یونٹ بنتا ہے پھر صوبہ


ویب ڈیسک November 22, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر نئے صوبوں کا معاملہ حل ہوجائے گا یہ معاملہ زیادہ طویل نہیں چلے گا اس حوالے سے رابطے اور مشاورت کا عمل چار سے پانچ ماہ سے جاری ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے جلد ایسی کوئی شکل سامنے آجائے گی جو سب کو قابل قبول ہوگی، ریفرنڈم نئے سال کے آغاز میں ہوسکتا ہے تاہم ریفرنڈم کا حتمی ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔

ان کا کہنا تھاکہ نئے صوبوں کے معاملے پر مشاورتی عمل اور رابطے جاری ہیں اور تجاویز بھی سامنے آرہی ہیں، کوشش ہے کہ معاملہ تمام شراکت داروں کو شامل کرکے متفقہ رائے سے حل کیا جائے تاہم جن امور پر اختلاف ہوگا ان پر بات کی جائے گی، اس ضمن میں جو بھی دستاویز تیار ہوگی وہ تمام شراکت داروں سے شیئر کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم غیرقانونی نہیں اس کی آئین میں گنجائش موجود ہے، نئے صوبے یا انتظامی یونٹس آئینی طور پر بنائے جائیں گے جس کے لیے باقاعدہ آئینی ترامیم پر کام کیا جائے گا، انتظامی یونٹ پہلے بنیں گے اور صوبے بعد میں۔،