کراچی:
جمعیت علماء اسلام سندھ کے زیر اہتمام اتوار کو گرومندر چورنگی، جامعہ بنوری ٹاؤن کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی، ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی کردار کشی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں۔ مولانا فضل الرحمٰن ایک قومی سیاسی رہنما ہیں، ان کی حفاظت اور عزت کا دفاع جے یو آئی کی ذمہ داری ہے۔ ملکی سلامتی اور سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائےمذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
اس موقع پر جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان ، مولانا غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی عبدالحق عثمانی ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا فیض الحق ، مفتی محمد خالد ، مولانا نور الحق ، مفتی لئیق اسعدی، فاروق حسن زئی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تجدید عہد وفا کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں ہم مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ہم نے مذہبی طبقے کو بندوق کے بجائے ووٹ کی پرچی کا راستہ دکھایا اور انہیں پارلیمان تک پہنچایا۔
جے یو آئی صوبائی اور وفاقی حکومتوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے.انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا نام پاناما میں نہیں آیا اور نہ ہی ان کے نام پر کوئی بے نامی اکاؤنٹ سامنے آیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی، ملک میں امن کے لئے اپنے ساتھیوں کے جنازے اٹھائے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے کارکنوں کی قربانیاں پیش کیں۔ہم آج بھی ملک کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے، ان کے خلاف کردار کشی کی مہم بند کی جائے اور سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے حق میں اور ان کے خلاف کردار کشی کی مہم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملک کے سیاسی و قومی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔