’’اسرائیل پر حماس کا حملہ جائز‘‘:نامور امریکی پروفیسر

امریکہ کے ایک ممتاز استاذ و دانشور کی زبانی مسئلہ فلسطین کے ماضی وحال کا فکر انگیز اور تحّیر خیز ماجرا


سید عاصم محمود November 23, 2026

ظلم وناانصافی کی صورت حال میں آپ غیر جانبدار رہے تو جانیے کہ ظالم کا ساتھ دے رہے ہیں۔(جنوبی افریقن پادری، ڈیسمنڈ ٹیٹو)

٭٭

پروفیسر جان مرشیمر (John Mearsheimer)امریکہ کے ممتاز استاذ، ماہر سیاسیات اور بین الاقوامی امور کے دانشور ہیں۔ شکاگو یونیورسٹی میں تقریباً نصف صدی سے علم ِسیاسیات پڑھا رہے ہیں۔ سات سے زائد کتب تحریر کر چکے۔عالمی سیاست کی اصل و ماہیت پر آپ کے نظریات مستند تصّور ہوتے ہیں۔

امریکہ وبیرون ملک آپ کی آرا کو اہم حلقوں میں اہمیت دی جاتی ہے۔ پروفیسر صاحب نے کچھ عرصہ قبل یوٹیوب پر پوسٹ کردہ ایک لیکچر میں مسئلہ فلسطین کے ماضی وحال پر نہایت علمی انداز میں روشنی ڈالی۔ انھوں نے خاص طور پر حماس اور اسرائیلی ریاست کے مابین کشکش کا بھی ذکر کیا۔ تاریخی واقعات ،حقائق اور دلائل کی بنیاد پر پروفیسر جان مرشمیر کے لیکچر کا جوہر یہ ہے کہ ۷ اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کا حملہ برحق اور جائز تھا۔ لیکچر کے خاص نکات قارئین ایکسپریس کے لیے پیش ہیں۔

تین سوال

7 اکتوبر 2023ء کو جو کچھ ہوا وہ بنیادی طور پر یہ تھا کہ قیدی حراستی کیمپ توڑ کر باہر نکل آئے۔ اسرائیل اور مغرب، دونوں جگہ 7 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے زیادہ تر بحث تین سوالوں کے گرد گھومتی ہے۔پہلا سوال یہ کہ اس دن بالکل کیا ہوا تھا۔ دوسرے اسرائیلی اس حملے سے بے خبر کیسے رہ گئے؟ کیا انہیں یہ معلوم نہیں ہونا چاہیے تھا کہ یہ حملہ ہونے والا ہے اور وہ اسے پہلے ہی روک لیتے؟ تیسرا سوال یہ ہے کہ 7 اکتوبر کو جو کچھ ہوا اس کے پیشِ نظر اسرائیل اور وسیع تر خطّے بشمول فلسطینیوں کے لیے اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے؟

 ’’نئے نازیوں‘‘ کا بیانیہ

 ایک سوال جس پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے ،یہ ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء کو حماس نے کن بنیادی وجوہ کی بنا پر حملہ کیا؟ اسرائیل اور اس کے حامی یہ کہانی سناتے ہیں جس کے مطابق حماس تمام تر مقاصد اور ارادوں کے لحاظ سے جرمن نازیوں کی طرح کام کر رہی تھی۔ اور یہ کہ 7 اکتوبر کو جو کچھ ہوا ،اس کا ہولوکاسٹ سے بہت گہرا تعلق ہے۔مثلاً حملے کے تقریباً دس دن بعد اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ’’حماس کے لوگ نئے نازی ہیں۔‘‘

مزید برآں حماس اور 7 اکتوبر کے حملے کی بات کرتے ہوئے ہولوکاسٹ کا مسلسل حوالہ دیا جاتا ہے۔ اسے اکثر ’’ہولوکاسٹ کے بعد یہودیوں کے لیے سب سے مہلک ترین دن‘‘کہا جاتا ہے۔ لیکن یہ محض بیان بازی کا ایک حصہ ہے جو حماس کے اقدامات کو ہولوکاسٹ کے ساتھ جوڑنے کے لیے ہر حد تک جاتی ہے۔ اور جیسا کہ میں نے کہا، اسرائیلی اکثر حماس کے بارے میں اس طرح بات کرتے ہیں جیسے وہ نازیوں کے ہم پلّہ ہوں۔ چنانچہ بہت سے اسرائیلیوں کے ذہنوں میں 7 اکتوبر نسل کشی پر مبنی یہود دشمنی کا معاملہ بن چکا۔ یہ نقطہ نظر 7 اکتوبر 2023 سے مسلسل پھیلایا جا رہا ہے۔

یہ نقطہ نظر بنیادی طور پر غلط ہے۔ 7 اکتوبر کے حملے کی گہری وجوہ جاننے کے ضمن میں یہ کوئی معقول وضاحت نہیں ۔ میں یہ وجوہ بتانے سے قبل ریاستِ اسرائیل کے قیام کی بابت بات کرنا چاہوں گا۔ میرے خیال میں 7 اکتوبر کو جو کچھ ہوا ،اسے سمجھنے کے لیے یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ اسرائیل کیسے وجود میں آیا۔

 اسرائیل کے قیام کا روایتی تصّور

 روایتی تصّور یہ ہے کہ صیہونی 1900 ء کی دہائی کے اوائل میں بڑی تعداد میں اسرائیل آنا شروع ہوئے۔ اور وہ ایک خالی سرزمین میں آ رہے تھے۔ کئی سال تک لوگوں نے یہ دلیل دی کہ یہ ایک بے آباد سرزمین تھی۔دوسرے لفظوں میں یہ ایک ایسا علاقہ تھا جہاں آبادی نہ ہونے کے برابر تھی۔ اور اس پر ایک ایسی قوم آباد ہو رہی تھی یا آباد ہونے جا رہی تھی جس کے پاس اپنی کوئی سرزمین نہیں تھی۔ مگر یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہ سچ نہیں تھا۔ فلسطین فلسطینیوں سے بھرا ہوا تھا۔ پھر ایک اور دلیل جو آپ اکثر سنتے ہیں…اور میں نے اس وقت سنی جب میں جوان تھا … یہ دعویٰ کہ جو صیہونی یورپ سے فلسطین آئے، ان کے فلسطینیوں کے لیے نیک ارادے تھے۔ وہ فلسطینیوں کے ساتھ ایک ایسے نظام میں رہنا چاہتے تھے جو مؤثر طریقے سے ایک دو قومی سیاسی ریاست ہوتی۔لیکن ایسا اس لیے نہ ہو سکا کیونکہ فلسطینیوں نے یہودیوں کے شانہ بشانہ رہنے سے انکار کر دیا۔ فلسطینیوں نے اُس حل کو سبوتاژ کر دیا جو ایک پْرامن حل ثابت ہو سکتا تھا اور جسے یہودی کامیاب بنانا چاہتے تھے۔

اس مخصوص کہانی میں آنے والے یہودیوں یا صیہونیوں کو اچھے لوگوں کے طور پر پیش کیا اور فلسطینیوں کو بْرے لوگوں کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔ مجھے یہ کہنا پڑے گا ، جب میں جوان تھا اور مجھے اسرائیل کے قیام کے حوالے سے جو کچھ پڑھایا گیا، تو یہ ایک مسلمہ حقیقت کے طور پر ہمارے ذہنوں میں بٹھا دیا گیا کہ اس علاقے کے فلسطینی یا عرب بْرے لوگ تھے اور صیہونی اچھے لوگ ۔

میرے خیال میں اِس داستان کی عکاسی ایک بہت مشہور کتاب میں بھی ہوئی جو میں نے جوانی میں پڑھی تھی اور جس پر بعد میں ایک فلم بھی بنی۔ کتاب کا نام لیون یورس کی لکھی ہوئی ’’ایگزوڈس‘‘ (Exodus) تھا۔ اور پھر پال نیومین اور ایوا میری سینٹ کے ساتھ اسی نام یعنی ایگزوڈس سے ایک فلم بھی بنی۔ اس کتاب اور فلم نے مجھ جیسے لوگوں کو اِس بات پر قائل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا کہ فلسطین میں شروع سے جو کچھ ہوا ،اس کے بارے میں صیہونی بیانیہ ہی درست ہے۔ یعنی فلسطینی یا عرب بْرے لوگ اور اسرائیلی/صیہونی اچھے لوگ تھے۔

 نئے مؤرخین

لیکن 1990ء کی دہائی کے اوائل میں یہ تبدیلی آنا شروع ہوئی کہ اسرائیل میں نئے مؤرخین کا ایک گروہ ابھرتا ہے جسے ان سرکاری دستاویزات اور ریکارڈ تک رسائی حاصل ہوتی ہے جو بتاتا ہے، اسرائیل درحقیقت کیسے بنایا گیا۔ اور وہ ایسے مضامین اور کتابیں لکھنا شروع کرتے ہیں جو قیام اسرائیل کے بارے میں بالکل مختلف کہانی بیان کرتی ہیں، ایک ایسی کہانی جو روایتی تصّور سے تقریباً مکمل طور پر متصادم ہے۔ یہاں اس بات پر زور دینا بہت ضروری ہے کہ یہ کہانی خود اسرائیلی اور بہت سے معاملات میں امریکی یہودی بیان کر رہے ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں اُن دستاویزات تک رسائی حاصل ہے اور وہ اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ ان لوگوں سے بات بھی کر سکتے ہیں جو ریاستِ اسرائیل کے قیام میں شامل تھے۔ اور کہانی جو سناتے ہیں ،وہ اس روایتی تصّور کے بالکل برعکس ہے جو تب مجھ جیسے لوگوں کے ذہنوں میں راسخ تھا۔رفتہ رفتہ مزید معلومات سامنے آتی گئیں کہ اسرائیل کیسے وجود میں آیا۔ اس تبدیلی نے ان زیادہ تر لوگوں کی سوچ کو بنیادی طور پر بدل کر رکھ دیا جو اِس خطے پر نظر رکھتے ہیں۔

 صیہونی ہدف: گریٹر اسرائیل (عظیم تر اسرائیل)

 آئیے بات کرتے ہیں کہ فلسطین میں داخل ہوتے وقت صیہونیوں کے مقاصد کیا تھے۔ وہ جو کرنا چاہتے تھے وہ ’’گریٹر اسرائیل‘‘ (عظیم تر اسرائیل) بنانا تھا۔ صیہونی راہنما عوامی سطح پر اپنے اصل مقاصد کا اظہار بہت کم کرتے۔ وجہ یہ تھی کہ ان کے عزائم بہت خفیہ تھے۔ صیہونی راہنما مشرقِ وسطیٰ کے ایک بہت بڑے حصّے کو فتح کر کے اسے گریٹر اسرائیل میں تبدیل کرنا چاہتے تھے۔ انہیں کسی دو قومی ریاست میں فلسطینیوں کے شانہ بشانہ رہنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ وہ ایک ایسی اسرائیلی ریاست چاہتے تھے جس کا کنٹرول بہت بڑے علاقے پر ہو۔ اور مسئلہ یہ تھا کہ جس علاقے میں صیہونی آ رہے تھے، وہ فلسطینیوں سے بھرا ہوا تھا۔

 آبادی کے اعداد و شمار

 سنہ 1900 ء میں جب صیہونی معقول حد تک بڑی تعداد میں فلسطین آنا شروع ہوئے…یہ وہ وقت ہے جب ان کی آمد کا آغاز ہوا تواس وقت وہاں کی 96 فیصد آبادی فلسطینی یا عرب تھی۔ ذرا اس بات پر غور کریں۔پہلا 'عالیہ' (Aliyah) ، صیہونیوں کی پہلی لہر 1880 ء کی دہائی کے اوائل میں آنا شروع ہوئی۔ ان میں سے بہت سے لوگ آتے اور پھر واپس چلے جاتے ہیں۔ پہلی لہر میں آنے والے صیہونی دراصل اتنے گہرے اور کٹر نظریاتی نہیں تھے جتنے دوسرے 'عالیہ' یعنی دوسری لہر میں آنے والے صیہونی ۔

مثال کے طور پر ڈیوڈ بن گوریان جو بلاشبہ اسرائیل کا بانی تھا،دوسرے عالیہ کے دوران فلسطین آیا۔ یہ دوسری لہر 1904 ء میں شروع ہوئی ۔ اس لہر میں آنے والے صیہونی وہ تھے جنہیں میں واقعی پختہ اور کٹر نظریاتی کہوں گا۔لیکن یہاں میں جو اہم نکتہ اٹھانا چاہتا ہوں کیونکہ ہم آبادی کے حجم کی بات کر رہے ہیں، وہ یہ ہے کہ تقریباً 1900 ء میں دوسری عالیہ کے آغاز سے ٹھیک پہلے اس خطّے کی 96 فیصد آبادی عربوں یا فلسطینیوں پر مشتمل تھی۔ لہٰذا یہ دلیل کہ یہ بے وطن لوگوں کے لیے ایک بے آباد سرزمین تھی، واضح طور پر بالکل غلط ہے۔

 مزید کچھ اعداد و شمار۔ اسرائیل1948 ء میں قائم ہوا۔ 1947 ء میں یعنی اسرائیل کے قیام سے ایک سال پہلے فلسطین میں 14 لاکھ فلسطینی اور تقریباً  6لاکھ یہودی موجود تھے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ جب اسرائیل قائم ہوا تو فلسطینی کل آبادی کا 70 فیصد تھے۔1900ء میں یہودی آبادی کا صرف 4 فیصد تھے اور فلسطینی 96 فیصد ۔ پھر 1947ء تک فلسطینی آبادی کا 70 فیصد بن گئے، اور یہودی تقریباً 30 فیصد تھے۔ اب بہت اہم بات یہ ہے کہ صیہونیوں کو ان تمام فلسطینیوں سے نمٹنا پڑا۔ یہ شروع ہی سے ایک مسئلہ تھا اور آج بھی ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔ آپ کو یہ بات سمجھنی ہوگی۔

 زمین پر قبضہ

 صورتحال یہ بنی کہ صیہونی یورپ سے آ رہے ہیں اور وہ بنیادی طور پر فلسطینیوں کی زمینیں اور گھر اُن سے چھین کر صیہونیوں اور بعد میں اسرائیلیوں کے لیے گھروں میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ انہیں زمین چوری کرنی پڑی گی۔ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے۔ ایک اور حقیقت ذہن میں رکھیے کہ جب 1948ء میں اسرائیل قائم ہوا، تو تقریباً تمام بیانات کے مطابق صیہونی کل زمین کے صرف 6.6 فیصد کے مالک تھے۔ ذرا اس امر پر غور کریں۔ آج کے فلسطین اور آج کے اسرائیل کے بارے میں سوچیں۔ 1948 ء میں جب ریاستِ اسرائیل قائم ہوئی، تو کل زمین کا صرف 6.6 فیصد صیہونیوں یا یہودیوں کی ملکیت تھا۔ اور جیسا کہ میں نے آپ کو بتایا، وہ آبادی کا صرف 30 فیصد تھے۔ لہٰذا انہیں مذید زمین چوری کرنا پڑی اور ریاستِ اسرائیل بنانے کے لیے فلسطینیوں کے ساتھ ہولناک سلوک کرنا پڑا۔ اس سے بچنے کا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

 صیہونی راہنما اچھی طرح سمجھتے تھے کہ فلسطینی مزاحمت کریں گے۔ اور آپ کو 1936 ء اور 1939 ء کے درمیان مشہورِ زمانہ عرب بغاوت (یا فلسطینی بغاوت) دیکھنے کو ملتی ہے۔ پھر اسرائیل بننے کے بعد پہلی انتفاضہ شروع ہوتی ہے جس نے 1987 ء میں جنم لیا۔پھر دوسری انتفاضہ جو سنہ 2000 میں پیش آئی۔ غزہ میں جو کچھ ہوا ،وہ مزاحمت کی ایک اور مثال ہے۔ صیہونیوں اور بعد میں اسرائیلیوں کی طرف سے زمینیں چھیننے اور ان کے ساتھ انتہائی گھناؤنے مظالم ڈھانے کی کوششوں کے خلاف فلسطینیوں نے لازمی طور پر مزاحمت کرنی تھی۔

 آپ غور کریں، ذرا سوچیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ عقلِ سلیم آپ کو بتاتی ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف بڑے جرائم کا ارتکاب کیے بغیر اسرائیل کا قیام ممکن ہی نہیں تھا۔ ایسا کیسے ہو سکتا تھا؟ یہ سرزمین فلسطینیوں سے بھری ہوئی تھی، وہ اس کی زیادہ تر زمین کے مالک تھے اور اسرائیلیوں یا صیہونیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ یہاں آکر ایک عظیم تر اسرائیل بنائیں گے۔وہ ایک ایسی ریاست قائم کرنے جا رہے تھے جو آخرکار رئیل اسٹیٹ کے ایک بہت بڑے حصے پر قبضہ کر لے۔ ایک بار پھر عقلِ سلیم آپ کو بتاتی ہے کہ یہ ہدف حاصل کرنے کا واحد طریقہ یہ تھا کہ فلسطینیوں کے ساتھ ہولناک سلوک کیا جائے۔

 زابوتنسکی اور بن گوریان کیا سمجھتے تھے؟

اس دور کے سرکردہ صیہونی راہنما اِس منطق کو اچھی طرح سمجھتے تھے جو میں آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں۔ ایسا کیوں نہ ہوتا؟ وہ سمجھتے تھے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ وہ جانتے تھے کہ یہ کوئی بے آباد سرزمین نہیں ۔ اُن کو علم تھا، انہیں فلسطینیوں کے ساتھ ہولناک رویہّ اختیار کرنا ہوگا۔ میں آپ کو تین اقتباسات پڑھ کر سنانا چاہتا ہوں جو میرے پاس ہیں۔ پہلا زیئف زابوتنسکی کا ہے، ایک سرکردہ صیہونی مفکرجو کافی حد تک دائیں بازو کا صیہونی تھا لیکن ایک ذہین انسان جو یہ اچھی طرح سمجھتا تھا کہ فلسطینی یا عرب صیہونیوں کے اقدامات کے خلاف بغاوت کریں گے۔

وہ بخوبی سمجھتا تھا کہ فلسطینی صیہونیوں کی طرف سے اپنی زمینیں چھینے جانے پر کیوں مزاحمت کریں گے۔ یہ زابوتنسکی کا قول ہے۔ وہ کہتا ہے: ’’ہر مقامی آبادی، خواہ وہ مہذب ہو یا نہیں، اپنی زمین کو اپنا قومی گھر سمجھتی ہے۔‘‘ذرا اس پر غور کریں۔ وہ جانتا تھا کہ فلسطینیوں کے لیے فلسطین ان کا قومی گھر تھا۔ یہ ان کا اپنا گھر تھا اور صیہونی ان کے گھر چرانے، ان کی زمین چوری کرنے اور ان کے علاقے پر ایک اسرائیلی ریاست قائم کرنے جا رہے تھے۔

 ڈیوڈ بن گوریان ،اسرائیل کا بانی یقیناً زیئف زابوتنسکی سے بھی زیادہ اہم شخصیت ہے۔ میں اس کے دو اقتباسات پڑھ رہا ہوں۔ ’’عرب صلح کیوں کریں؟ اگر میں کوئی عرب راہنما ہوتا، تو میں اسرائیل کے ساتھ کبھی کوئی معاہدہ نہ کرتا۔‘‘سنیے کہ اس نے کیا کہا۔ اس نے مزید کہا اور یہ بن گوریان کا دوسرا قول ہے: ’’وہ (فلسطینی)صرف ایک ہی چیز دیکھتے ہیں۔ ہم (یہودی) یہاں آئے اور ان کا ملک چرا لیا ۔ وہ اسے(صورت حال کو) کیوں قبول کریں گے؟‘‘

گویا اسرائیل کا پہلا وزیر اعظم اور بانی یہ کہہ رہا ہے کہ ’’ہم نے ان کا ملک چرا لیا ۔‘‘ جیسا کہ میں نے آپ کو بتایا، عقلِ سلیم یہی کہتی ہے کہ بن گوریان اور زابوتنسکی جو کچھ کہہ رہے ہیں، حقیقت میں ایسا ہی ہونا لازم تھا۔ اس کے علاوہ اور کیا ہو سکتا تھا؟ اس حقیقت کے پیشِ نظر کہ یہ سرزمین عربوں یا فلسطینیوں سے بھری ہوئی تھی، اور وہ تقریباً پوری زمین کے مالک تھے۔ یہ اِس کہانی کا پہلا حصہ ہے۔

 بڑی تعداد میں بستے فلسطینی

دوسری چیز جس پر میں توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ صیہونیوں اور پھر اسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے نمٹنے کے بارے میں کیا سوچا؟ اب، آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ شروع سے ہی صیہونیوں اور بعد میں اسرائیلیوں کے درمیان بہت بڑی تعداد میں فلسطینی موجود رہے ہیں۔ اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ آئیے ذرا اعداد و شمار کا اعادہ کرتے ہیں۔

1900 ء میں تقریباً 96 فیصد آبادی فلسطینی یا عرب تھی۔ پھر 1947 ء میں یعنی اسرائیل کے قیام سے ایک سال پہلے 70 فیصد آبادی فلسطینی ہے۔ اب 1948 ء میں کیا ہوتا ہے؟ اہل فلسطین کو بڑے پیمانے پر نسلی تطہیر (نسل کشی/جبری اخراج) کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسرائیل بن جاتا ہے۔یہ ایک کافی چھوٹی ریاست ہے۔ وہاں تمام نسلی تطہیر کے نتیجے میں تقریباً 20 فیصد آبادی فلسطینی ہے اور تقریباً 80 فیصد آبادی اسرائیلی یہودیوں پر مشتمل ہے۔ لہذا آپ ایک ایسی صورتحال سے شروعات کرتے ہیں جہاں بڑے علاقے میں فلسطینی 96 فیصد تھے۔ پھر 1947 ء تک فلسطین کے بڑے رقبے میں وہ 70 فیصد ہیں۔ لیکن پھر اس چھوٹے سے علاقے میں جو اسرائیل کی ریاست بنتا ہے، وہ صرف 20 فیصد ہیں۔

لیکن پھر ایک اہم واقعہ پیش آتا ہے۔ 1967 ء میں مشہورِ زمانہ ’’چھ روزہ جنگ‘‘ میں اسرائیل غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے (ویسٹ بینک) پر قبضہ کر لیتا ہے۔ یوں ایک قسم کا ’’گریٹر اسرائیل‘‘ وجود میں آ گیا جہاں تقریباً ستر لاکھ فلسطینی اور تقریباً تہتر لاکھ اسرائیلی یہودی موجود ہیں۔لہٰذا گریٹر اسرائیل کے اندر یہودیوں اور فلسطینیوں کی آبادی تقریباً برابر ہے۔ غرض 1900 ء سے لے کر اب تک اسرائیل کے اندر اور اس کے اردگرد بہت بڑی تعداد میں فلسطینی موجود رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اسرائیلی اِن فلسطینیوں کے ساتھ کیسے نمٹتے ہیں؟ زابوتنسکی اور بن گوریان کے ارشادات پر واپس جائیں تو، یہ مسلمہ حقیقت تھی کہ فلسطینی سخت سلوک کے خلاف مزاحمت کرنے والے تھے جو اسرائیلیوں نے لازمی طور پر ان کے ساتھ روا رکھنا تھا۔ صیہونیوں نے شروع ہی سے یہ بات سمجھ لی تھی اور خود اسرائیلی بھی اسے سمجھتے تھے۔

 پہلی حکمتِ عملی: آہنی دیوار

 بڑی تعداد میں موجود سرکش فلسطینیوں سے نمٹنے کے لیے آپ کون سی مختلف حکمتِ عملیاں بروئے کار لا سکتے ہیں؟ اس کا پہلا حل زیئف زابوتنسکی نے 1923ء میں لکھے گئے ایک بہت مشہور مضمون میں پیش کیا جس کا عنوان تھا ’’آہنی دیوار۔‘‘ (The Iron Wall)یہ آہنی دیوار فلسطینیوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ان کا پہلا حل تھا۔ زابوتنسکی دراصل یہ مانتا تھا کہ آپ آہنی دیوار کا استعمال کر سکتے ہیں… بنیادی طور پر آہنی مکا یا سختی تاکہ فلسطینیوں کو دباؤ میں لایا جا سکے اور وہ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائیں۔

یہ ان کا عقیدہ تھا کہ فلسطینی یقیناً مزاحمت کریں گے، لیکن اگر آپ ان پر بے دریغ تشدد کریں تو وہ آخرکار ہار مان لیں گے۔ اور پھر اسرائیلی یہودی فلسطینیوں کے ساتھ رہ سکتے تھے کیونکہ فلسطینی مغلوب اور دبے ہوئے حالت میں ہوتے۔

اب آپ بن گوریان کی بات سنیں۔ اس نے لفظ ’’کبھی نہیں‘‘ (Never) استعمال کیا۔ یاد رکھیں، اس نے کہا تھا: میں اسرائیل کے ساتھ کبھی کوئی معاہدہ نہیں کروں گا۔گویا میرے خیال میں ایک بہت اہم معنی میں بن گوریان یہ سمجھ گیا تھا کہ آہنی دیوار کبھی اُس طرح کام نہیں کرے گی جیسا کہ زابوتنسکی کا ارادہ تھا، یعنی آپ کو کبھی (اہل فلسطین کی) حتمی شکست یا اطاعت حاصل نہیں ہوگی۔ آپ کو ہمیشہ کسی نہ کسی انتفاضہ (بغاوت) کا سامنا کرنا پڑے گا۔لیکن مسئلے سے نمٹنے کا پہلا طریقہ آہنی دیوار ہی تھا۔

 دوسری حکمتِ عملی: نسلی تطہیر

اس مسئلے سے نمٹنے کا دوسرا طریقہ نسلی تطہیر(Ethnic Cleansing) ہے۔ غور کریں، اسرائیل تخلیق ہوا،تو اس کی 20 فیصد آبادی فلسطینیوں پر مشتمل تھی۔ وجہ یہی کہ انہوں نے اُس علاقے سے بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی نسلی تطہیر کی ،انہیں جبراً نکال دیا۔ بہت سے فلسطینیوں کو دھکیل کر غزہ بھیج دیا گیا تھا۔ آج غزہ میں بستے کئی لوگ وہ ہیں جنہیں 1948 ء میں بطور کم سن بچے باہر دھکیل دیا گیا یا پھر ان لوگوں کی اگلی نسلیں ہیں جنہیں 1948 ء میں نکالا گیا تھا۔

لیکن اسرائیلیوں کو جس مسئلے کا سامنا کرنا پڑا ،وہ یہ ہے کہ 1967 ء کے بعد جب انہیں مغربی کنارہ اور غزہ ملا، تو وہ اس دنیا سے نکل کر جہاں اسرائیل کے اندر ان کی 20 فیصد آبادی فلسطینیوں پر مشتمل تھی، ایک ایسی دنیا میں پہنچ گئے جہاں ان کا ’’گریٹر اسرائیل'‘‘تو بن گیا مگر آبادی تقریباً آدھی ہوگئی ۔ لہٰذا ایک بہت اہم معنی میں نسلی تطہیر کا یہ طریقہ کار کارگر ثابت نہیں ہوا۔موضوع سے ہٹ کر بات کروں، تو آج اسرائیلی غزہ اور مغربی کنارے (ویسٹ بینک) کے حوالے سے جو کچھ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، یہ ہے کہ وہاں فلسطینیوں کی نسلی تطہیر کر کے انہیں یا تو اردن یا پھر مصر میں دھکیل دیا جائے۔

 آپ دیکھ سکتے ہیں کہ نسلی تطہیر…جس کا مقصد فلسطینیوں سے چھٹکارا پانا ہے،اسرائیلیوں کے لیے پُرکشش آپشن کیوں ہے۔ 1948 ء سے پہلے صیہونیوں نے نجی محفلوں میں یقیناً بے دخلی کے بارے میں بڑی تفصیل سے بات کی تھی۔ اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں، کیونکہ یہ سمجھنا ہوگا کہ اسرائیلی اور ان سے پہلے صیہونی اچھی طرح سمجھتے تھے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ کیا کر رہے ہیں اور یہ کہ فلسطینی مزاحمت کریں گے۔ اور پھر سوال یہ پیدا ہوا کہ وہ مسئلے سے کیسے نمٹتے ہیں؟

 تیسری حکمتِ عملی: محصور بستیاں

 تیسرا آپشن فلسطینیوں کو الگ تھلگ حصاروں (انکلیوز) میں محصور کر دینا تھا۔ مغربی کنارے میں مقصد فلسطینیوں کو اُن علاقوں میں محدود کرنا رہا ہے جنہیں بعض اوقات ’’بنتوستان‘‘ کہا جاتا ہے، بالکل اسی طرز پر جو نسل پرست (اپارتھائیڈ) جنوبی افریقہ میں ہوا تھا۔گویا فلسطینی آبادی کے بڑے حصوں کو ایک مخصوص علاقے میں بند کردیا گیا اور ایسی صورتحال پیدا کی گئی جہاں ان کے لیے دوسرے حصاروں میں رہتے فلسطینیوں کے ساتھ رابطہ رکھنا یا ہم آہنگی پیدا کرنا انتہائی مشکل ہو۔ غزہ اس کی ایک بہترین مثال ہے۔ غزہ بنیادی طور پر ایک بہت بڑا ’’گھیٹو‘‘ ہے۔ بعض اوقات اسے ’’کھلی فضا کی جیل‘‘ (اوپن ایئر پریزن) بھی کہا جاتا ہے۔

 بہت سے افراد اسے ’’حراستی کیمپ‘‘ (کنسنٹریشن کیمپ) بھی کہتے ہیں۔ اسرائیل ایک یہودی ریاست ہے۔ ظاہر ہے کہ اسرائیلی یہودی اسے چلاتے ہیں اور وہ فلسطینیوں کو دبا کر رکھنے کے لیے وہ سب کچھ کرنا چاہتے ہیں جو وہ کر سکتے ہیں۔لہذا آپ انہیں گھیٹوز یا بنتوستانوں میں محصور کر دیتے ہیں اور درحقیقت یہ امید کرتے ہیں کہ اس طرح وہ قابو میں رہیں گے۔ تو یہ تین بنیادی حل تھے۔

 دو ریاستی حل

میں دو ریاستی حل کے بارے میں بھی کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ کچھ لوگ کہیں گے کہ واقعی ایک قابلِ عمل متبادل موجود تھا، و ریاستیں بنانا ، ایک ریاست فلسطینیوں اور ایک ریاست اسرائیل کے لیے۔ آج بھی مغرب میں دو ریاستی حل کی ضرورت پر لامتناہی باتیں ہوتی ہیں۔اس موضوع پر روایتی تصّور کچھ بھی ہو، اسرائیلیوں کو کبھی دو ریاستی حل میں کوئی سنجیدہ دلچسپی نہیں رہی۔

غرض فلسطینیوں سے نمٹنے کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ اسرائیلیوں نے تین قابلِ عمل آپشنز پر کام کیا : نمبر ایک آہنی دیوار، نمبر دو نسلی تطہیر اور نمبر تین فلسطینیوں کو بنتوستانوں یا حراستی کیمپوں میں محصور کرنا۔ یہی کچھ آپ کو غزہ میں دیکھنے کو ملتا ہے۔

 غزہ: 1967 ء سے 2005 ء کے انخلا تک

 جیسا کہ میں نے پہلے کہا،چھ روزہ جنگ میں اسرائیلیوں نے غزہ اور مغربی کنارے کا کنٹرول حاصل کیا۔ وہ پھرغزہ میں یہودی آباد کاروں (سیٹلرز) کو بساتے ہیں۔ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے غزہ میں بالکل اسی طرح آباد کار بسائے جیسے مغربی کنارے میں بسائے۔ لیکن ہوتا یہ ہے کہ 2005 ء میں تب کے اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون وہاں سے آباد کاروں کو نکال لیتے ہیں۔اور پھر 2007 ء میں حماس منتخب ہو کر مقامی حکومت سنبھال لیتی ہے۔

 اسرائیلیوں اور مغرب میں ان کے حامیوں کے درمیان روایتی تصّور یہ ہے کہ اسرائیلی جو کچھ کر رہے تھے، وہ انتہائی رحم دلانہ اقدام تھا ۔ وہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست قائم کرنے اور یہ ثابت کرنے کا ایک موقع دے رہے تھے کہ وہ ایک خود مختار غزہ چلا سکتے ہیں۔ یہ بکواس بات ہے۔

فلسطینیوں کو فارملڈیہائیڈ میں ڈالنا

اس بات کی تائید میں کوئی ثبوت موجود نہیں ۔ ڈوو ویسگلاس جو سلامتی کے معاملات پر ایریل شیرون کا پرنسپل مشیر اور غزہ سے اسرائیلی آباد کار نکالنے کے فیصلے میں گہرائی سے شامل تھا، اس ے تب کہا تھا ’’ ہم جو کر رہے ہیں وہ فلسطینیوں کو فارملڈیہائیڈ (محفوظ کرنے والے کیمیکل) میں ڈالنا ہے۔ ہم انہیں فارملڈیہائیڈ میں ڈال رہے ہیں۔‘‘