سپریم لیڈر ملا ھبتہ اللہ بغیر اجازت جہاد پر جنگجوؤں سے ناراض، نافرمان قرار دے دیا

طالبان حکام نے ٹی ٹی پی کے چند دہشت گردوں کو حراست میں لیا ہے


کامران یوسف November 22, 2026

اسلام آباد:

پاکستان اپنی موجودہ افغان حکمتِ عملی پر قائم رہے گا کیونکہ اس کا ماننا ہے کہ مسلسل دباؤ طالبان حکومت پر بھاری پڑنا شروع ہو گیا ہے ۔ حالیہ پیش رفت سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کابل اسلام آباد کے تحفظات دور کرنے کے لیے کچھ اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اگرچہ ان اقدامات کی افادیت ابھی غیر یقینی ہی ہے۔

باخبر ذرائع نے ’’ دی ایکسپریس ٹریبیون ‘‘ کو بتایا کہ دوحہ میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ممکنہ رابطوں یا بات چیت سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا کوئی رابطہ نہیں ہوا، اور مزید بتایا کہ اسلام آباد کا اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرنے کا کوئی فوری ارادہ نہیں ہے۔

ذرائع کا مؤقف تھا کہ پاکستان اپنی موجودہ پالیسی اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک طالبان حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف واضح اور قابلِ تصدیق کارروائی نہیں کرتی۔

ذرائع نے اعتراف کیا کہ طالبان نے حال ہی میں کچھ ایسے اقدامات کیے ہیں جو پاکستان کے تحفظات پر ردعمل دینے کی آمادگی کو ظاہر کر سکتے ہیں۔

طالبان حکام نے ٹی ٹی پی کے چند دہشت گردوں کو حراست میں لیا ہے، تاہم ان کی گرفتاری کے حالات اور نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ پاکستان کے مسلسل دباؤ کے کچھ نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ایک ذریعے نے کہا کہ اس مرحلے پر ہمیں یقین نہیں ہے کہ یہ گرفتاریاں مستقل ہیں یا محض آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ طالبان حکومت ٹی ٹی پی کے خلاف بھی ویسی ہی کارروائی کرے جیسی وہ عموماً اپنے دیگر مخالفین کے خلاف کرتی ہے۔

پاکستان میں توجہ کا مرکز بننے والی ایک اور پیش رفت طالبان کے سپریم لیڈر ملا ھبۃ اللہ اخوندزادہ کا حالیہ بیان ہے۔

ملا ھبۃ اللہ نے کابل کا دورہ کیا ۔ طالبان کے میسجنگ گروپس میں گردش کرنے والی ان کے ریمارکس کی تفصیلات کے مطابق ملا ھبۃ اللہ نے جنگجوؤں کی جانب سے ان کی اجازت کے بغیر جہاد کے نام پر اپنے علاقے چھوڑنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا جو لوگ اجازت کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے ہیں وہ طالبان قیادت کی نافرمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ ایسے جنگجوؤں کو واپس لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اب امارتِ اسلامیہ سے وابستگی کا دعویٰ نہیں کر سکیں گے۔ اسلام آباد کے حکام اخوندزادہ کی ہدایات کو ایک ممکنہ مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

تاہم وہ اپنا حتمی تجزیہ اس وقت تک موخر رکھے ہوئے ہیں جب تک یہ واضح نہ ہو جائے کہ آیا طالبان قیادت ان ہدایات پر زمینی سطح پر عمل درآمد کروا سکتی ہے یا نہیں۔

ذرائع نے بتایا طالبان کی جانب سے لچک کے آثار سرحدی گزرگاہوں کی مسلسل بندش اور دوطرفہ تجارت کی معطلی کے معاشی نتائج کی وجہ سے بھی پیدا ہوئے۔

افغانستان کی معیشت کے بارے میں عالمی بینک کا تازہ ترین جائزہ بھی اس دباؤ کو واضح کرتا ہے۔ اس میں 2026 میں فی کس مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 3.3 فیصد کمی کی پیش گوئی کی گئی جو مسلسل تیسرے سال کی سالانہ گراوٹ ہے۔

اپریل اور ستمبر کے درمیان افغانستان کی برآمدات میں بھی 15.1 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اگرچہ طالبان نے اپنے معاشی اور سفارتی تعلقات میں تنوع لانے کی کوشش کی ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بگڑتے تعلقات علاقائی روابط اور معاشی تعاون کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔