راولپنڈی:
راولپنڈی کے تھانہ کہوٹہ کی حدود میں میڈیکل اسٹور پر نقب زنی کی واردات میں نامعلوم ملزمان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے نقدی چوری کرکے فرار ہوگئے۔
صداقت فارمیسی اینڈ کاسمیٹکس، مٹور روڈ نزد مون پلازہ کے مالک صداقت حسین کے مطابق ان کا ملازم ارسلان خالد صبح اسٹور پہنچا تو شٹر پر لگے اصل تالے غائب تھے اور ان کی جگہ نئے تالے لگے ہوئے تھے۔
اسٹور کے اندر کاؤنٹر کے دروازوں کے تالے بھی ٹوٹے ہوئے تھے جبکہ کاؤنٹر میں موجود ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی نقدی غائب تھی۔
مدعی نے پولیس سے نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے اور چوری شدہ رقم برآمد کرانے کی درخواست کی ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔