اے آئی سے امتحان میں نقل کا اسکینڈل، جنوبی کوریا میں وزیر تعلیم مستعفی

جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ صدر لی جے میونگ نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے


ویب ڈیسک November 23, 2026

سیئول: جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم چوئی کیو جن نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے امتحان میں نقل کے اسکینڈل کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جسے صدر لی جے میونگ نے منظور کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا میں گزشتہ ہفتے یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے ہونے والے اہم قومی امتحان سے قبل مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل کا معاملہ سامنے آنے پر ملک بھر میں تشویش پھیل گئی تھی۔

اس تنازع کا آغاز گزشتہ اتوار کو اس وقت ہوا جب قومی ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نے اعتراف کیا کہ اس نے امتحان میں نقل کے لیے ایک چھوٹا کیمرہ اور اسمارٹ فون استعمال کیا تھا۔ امیدوار نے تقریباً مکمل نمبر حاصل کیے تھے۔

یہ واقعہ ملک کے انتہائی اہم یونیورسٹی داخلہ امتحان سونونگ سے محض چار روز قبل سامنے آیا، جس کے بعد حکام نے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کردیے۔

جنوبی کوریا میں سونونگ کا سالانہ امتحان تقریباً نو گھنٹے جاری رہتا ہے اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے، اچھی ملازمتوں اور بہتر مستقبل کے حصول کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

اسکینڈل کے بعد حکام نے امتحانی مراکز کے اطراف عوامی وائی فائی سروس بند کرنے اور امیدواروں کے لباس کے بٹنوں پر اسٹیکرز لگانے سمیت متعدد حفاظتی اقدامات کیے تاکہ چھپے ہوئے کیمروں اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے نقل کو روکا جاسکے۔

تاہم وزیر تعلیم چوئی کیو جن کے امتحان سے تین روز قبل دیے گئے بیانات پر عوامی تنقید سامنے آئی اور وہ عوام کو امتحانی نظام کے تحفظ سے متعلق مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امتحان کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہوگیا، تاہم بطور وزیر وہ اس تنقید سے خود کو بری الذمہ نہیں سمجھتے کہ حکومت نے پہلے سے مناسب تیاری نہیں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ امتحان مکمل ہونے کے بعد وہ اس معاملے کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ صدر لی جے میونگ نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔