تجربہ کار سری لنکن ٹیم کیخلاف نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی، ہیڈ کوچ

ابرار احمد اور علی عثمان کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی ٹیسٹ ٹیم میں بلا سکتے ہیں، ہیڈ کوچ


اسپورٹس ڈیسک November 23, 2026

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کیخلاف نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

پی سی بی پوڈ کاسٹ ’اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ نئے آنے والے کھلاڑیوں نے سیریز میں میچ ونرز والی کارکردگی دکھائی۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے بھی نئے کھلاڑیوں کی ڈیویلپمنٹ میں کردار ادا کیا۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ آنے والی ہوم سیریز میں بھی ایسی وکٹوں پر کھیلیں گے جو غیر ملکی کنڈیشنز کی تیاری میں مددگار ہوں۔ ہمیں جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ والی وکٹیں ملتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہوئی، وہ ہمارے ٹیسٹ اٹیک میں بہت اچھی شمولیت ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کو دوسری اننگز میں آل آؤٹ کرنے پر باقی بولرز پر فخر ہے۔

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ رضااللہ کا پیس، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی ایکوریسی، ثاقب کی سوئنگ مل کر اچھا اٹیک بناتی ہیں۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ ملی تو طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا بہت اچھے سے سامنا کیا۔ اذان اویس نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہت اچھی بیٹنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان علی آغا ہمارے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس، علی شبیر بھی ٹیلنٹڈ نوجوان کھلاڑی ہیں۔ علی شبیر کافی تیز رفتار بولر ہے، ریورس سوئنگ بھی کروا سکتا ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت بہت اچھے آپشنز موجود ہیں۔ ابرار احمد اور علی عثمان کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی ٹیسٹ ٹیم میں بلا سکتے ہیں۔ ساجد خان بھی اچھا سپنر ہے، لیفٹ ہینڈ بیٹرز کو بہترین بولنگ کرواتا ہے۔