لاہور:
کورونا وائرس کے بعد ایران امریکہ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نے عالمی فضائی صنعت کو ایک بار پھر بڑے مالی بحران سے دوچار کردیا۔
جنگ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی ایئرلائنز کے اربوں ڈالر کے منافع کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ حوثیوں کے سعودی عرب میں حملوں نے فضائی آپریشنز کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) اور پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں متعلقہ ایئرلائنز 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں تاہم اب انہیں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔
دنیا کی 20 بڑی ایئرلائنز کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اندازاً 30 ارب ڈالر سے زائد کمی ہوئی جبکہ مشرق وسطیٰ کی ٹریول انڈسٹری کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر تک نقصان پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں، فضائی حدود کی بندش اور طویل متبادل روٹس کے باعث ایئرلائنز کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زائد اضافے نے مالی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
قطر ایئرویز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں شامل ہے، قطر کی فضائی حدود طویل عرصے تک بند رہنے اور ایرانی میزائل حملوں کے باعث اس کا فضائی نیٹ ورک بھی متاثر ہوا۔ جون سے اکتوبر کے دوران ایئرلائن نے 20 لاکھ نشستیں کم کردیں۔
ایمریٹس ایئرلائن کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ایمریٹس گروپ کا منافع 66 فیصد کم ہوکر ایک ارب ڈالر رہ گیا، جبکہ مسافروں کی تعداد 22 فیصد کمی کے بعد 2 کروڑ 18 لاکھ رہی۔
جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایئرلائن کی 1581 پروازیں منسوخ ہوئیں اور 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔ مارچ میں دبئی ایئرپورٹ کی مسافروں کی آمدورفت میں بھی 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اتحاد ایئرویز کی ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ ہوئیں، بعد ازاں ساڑھے چار لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں، جبکہ ابوظہبی ایئرپورٹ بھی حملوں سے متاثر ہوا۔
دوسری جانب ایران کی فضائی حدود 58 روز بند رہنے سے ایرانی فضائی صنعت کو بھی نقصان پہنچا، تقریباً 20 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ تہران کا امام خمینی ایئرپورٹ 25 اپریل کو دوبارہ کھولا گیا۔
فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کو بھی متاثر کیا، ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو نے صرف چار روز میں 500 سے زائد پروازیں منسوخ کیں۔
پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ایوب نسیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث پاکستان کی ملکی ایئرلائنز کو بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
مشرق وسطیٰ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش روٹس میں شامل ہے اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں اس خطے کا حصہ تقریباً 50 فیصد تک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کے بعد حوثیوں کے سعودی عرب میں حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔
ریاض ایئرپورٹ تقریباً ایک ماہ سے بند ہے جبکہ جدہ اور یورپ کے مختلف روٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کا براہ راست اثر ٹریول ایجنٹس کے کاروبار پر پڑ رہا ہے۔
ایوب نسیم کے مطابق بزنس کلاس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے، جبکہ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر عموماً ایئرلائنز کی ٹکٹیں پہلے ہی بک ہوجاتی تھیں، تاہم اس بار حالات مختلف ہیں۔ ٹریول ایجنٹس کو 30 سے 40 فیصد تک کاروباری نقصان کا سامنا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ٹریول ایجنٹس کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔