وزیراعظم کے دورۂ روس؛ تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری پر بڑی پیش رفت متوقع

دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین 15 سے 16 معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے، پاکستانی سفیر


ویب ڈیسک November 23, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس کے دوران دونوںممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں 15 سے 16 معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی وسعت دینا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کے دورے کو انتہائی اہم اور تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے ذریعے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستانی سفیر کے مطابق شہباز شریف کی ترجیحات میں سیاسی روابط کے علاوہ تجارت، عوامی سطح پر رابطوں، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانا شامل ہے۔ مجوزہ معاہدوں میں ان تمام شعبوں سے متعلق مختلف امور کو شامل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور توانائی سمیت سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں کو آگے بڑھانا ہے۔