سالانہ 30 لاکھ کمانے والے نوجوان نے لڑکی کی نوکری چھوڑنے کی خواہش پر شادی سے انکار کر دیا

معاملہ دونوں خاندانوں تک پہنچا، جس کے بعد رشتہ آگے نہ بڑھ سکا۔


ویب ڈیسک November 23, 2026

بھارت میں سالانہ 30 لاکھ روپے کمانے والے نوجوان نے شادی کے بعد ملازمت چھوڑنے کی خواہشمند لڑکی کا رشتہ مسترد کر دیا جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیتل رجھوانی نامی خاتون نے اپنے دوست کا واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان ایسی شریکِ حیات چاہتا تھا جو شادی کے بعد بھی ملازمت جاری رکھے۔ تاہم رشتے کے لیے بات چیت کے دوران لڑکی نے بتایا کہ وہ شادی کے بعد ملازمت چھوڑ کر گھر سنبھالنا چاہتی ہے۔

پوسٹ کے مطابق نوجوان نے اپنی ترجیح واضح کی تو لڑکی ناراض ہو گئی اور اس پر دقیانوسی سوچ رکھنے اور خواتین کے فیصلوں پر پابندی لگانے کا الزام عائد کر دیا۔

معاملہ دونوں خاندانوں تک پہنچا، جس کے بعد رشتہ آگے نہ بڑھ سکا۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے تقسیم ہو گئی۔ بعض نے نوجوان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شریکِ حیات کے انتخاب میں ہر شخص کو اپنی ترجیحات رکھنے کا حق ہے۔

دوسری جانب بعض صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ شادی کے بعد ملازمت جاری رکھنا یا گھر سنبھالنا عورت کا ذاتی فیصلہ ہونا چاہیے۔