فیکٹ چیک: ٹرمپ کی جانب سے شیئر کردہ ڈینزل واشنگٹن سے منسوب تعریفی بیان جعلی نکلا

فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ اسنوپس کے مطابق یہ بیان جعلی ہے


ویب ڈیسک November 23, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈینزل واشنگٹن سے منسوب اپنی تعریف میں ایک جعلی بیان سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا، جس کی حقیقت سامنے آنے پر نئی بحث چھڑ گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ڈینزل واشنگٹن نے انہیں بہادر، ذہین اور امریکا کا سب سے زیادہ خیال رکھنے والا شخص قرار دیا ہے۔

Denzel Washington Trump Truth Social post

پوسٹ میں اداکار سے یہ بھی منسوب کیا گیا کہ وہ ٹرمپ کے قریبی دوست اور مستقل حامی ہیں اور انہیں بہترین صدر سمجھتے ہیں۔

تاہم فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ اسنوپس کے مطابق یہ بیان جعلی ہے اور ماضی میں بھی مختلف معروف شخصیات سے منسوب کیا جا چکا ہے۔

ڈینزل واشنگٹن کے نمائندے ایلن نیروب نے بھی واشنگٹن پوسٹ سے گفتگو میں تصدیق کی کہ اداکار نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

واضح رہے کہ ڈینزل واشنگٹن عموماً سیاسی معاملات پر کھل کر اظہارِ خیال نہیں کرتے اور ماضی میں بھی ان کی جانب سے ٹرمپ کی حمایت کے جعلی دعوے سوشل میڈیا پر گردش کرتے رہے ہیں۔