کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کے لیے انگلینڈ کے مایہ ناز لیگ اسپنر عادل راشد کو براہِ راست سائن کرنے کا اعلان کر دیا۔
دور حاضر کے بہترین وائٹ بال اسپنرز میں شمار ہونے والے عادل راشد اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربہ، شاندار ریکارڈ اور میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت لے کر کراچی کنگز کے اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے عادل راشد نے جدید کرکٹ کے کامیاب ترین لیگ اسپنرز میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ اپنی ورائٹیز، بہترین کنٹرول، گیند کو ٹرن کرانے کی صلاحیت اور اہم مواقع پر حریف ٹیم کی شراکتیں توڑنے کی مہارت کے باعث عادل راشد دنیا کے بہترین بلے بازوں کے خلاف مسلسل متاثر کن کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔
ان کا بین الاقوامی ریکارڈ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے 330 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیلنے والے عادل راشد ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 470 سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے کھاتے میں 244 ون ڈے اور 172 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں شامل ہیں، جس کے باعث وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر اور ون ڈے کرکٹ میں ملک کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔
عادل راشد انگلینڈ کے پہلے مرد اسپنر تھے جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا، جو انگلش کرکٹ کی تاریخ میں ان کی نمایاں حیثیت کا ایک اور ثبوت ہے، ان کے اعزازات اور کامیابیوں کی فہرست بھی ان کے غیر معمولی کیریئر کی عکاسی کرتی ہے۔
عادل راشد 2019 میں انگلینڈ کی تاریخی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ فتح اور 2022 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا اہم حصہ تھے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 اور 2015 میں مسلسل دو کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز جیتے۔ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں 2023 میں انہیں ایم بی ای (MBE) کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
عادل راشد کی شمولیت پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ عادل راشد ایک عالمی معیار کے کرکٹر ہیں اور ان کی کامیابیاں اور تجربہ خود ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک ہیں اور انگلینڈ کی کئی بڑی فتوحات میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں انہیں کراچی کنگز فیملی کا حصہ بناتے ہوئے بے حد خوشی ہے۔ ان کا تجربہ، مہارت اور جیتنے کا جذبہ ہماری ٹیم کے لیے انتہائی قیمتی ثابت ہوگا اور ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں انہیں کنگز کی نمائندگی کرتے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
عادل راشد کی آمد سے کراچی کنگز کے باؤلنگ اٹیک کو بین الاقوامی سطح پر میچ وننگ کارکردگی دکھانے والے ایک تجربہ کار اسپنر کی خدمات حاصل ہوں گی، جبکہ فرنچائز 2027 کے سیزن کے لیے ایک مضبوط اسکواڈ کی تشکیل جاری رکھے ہوئے ہے۔
لیگ اسپن پر غیر معمولی عبور، دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز اور بین الاقوامی مقابلوں کا وسیع تجربہ اور بڑے مقابلوں میں کارکردگی دکھانے کے ریکارڈ کے ساتھ عادل راشد کی شمولیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے کراچی کنگز کے عزائم کو مزید تقویت دے گی۔