پشاور کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے نئے میزبان شہر کے طور پر شامل کرنے پر پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے لیے پشتو زبان میں پیغام جاری کر دیا۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے پشتو زبان میں جاری پیغام میں شائقین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ’’د لوبې لپاره یو نوی ښار!‘‘ یعنی کھیلوں کے لیے ایک نیا شہر۔
پی سی بی نے سوشل میڈیا پر پشاور کو نئے وینیو کے طور پر شامل کرتے ہوئے پشتو میں لکھا کہ ’’ ګرانو مینه والو، د ګلونو ښار پېښور اوس د ایچ بي ایل پي ایس ایل کښی نوي وېنیو شامل شو!‘‘۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ پیارے شائقین، پھولوں کے شہر پشاور کو اب ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے وینیو کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پشاور کو نئے وینیو کے طور پر شامل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہوگی اور لیگ کے میچز بھی پشاور میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، پی ایس ایل کے 5 وینیوز میں کراچی ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں جبکہ پشاور کو چھٹے وینیو کے طور پراب شامل کر لیا گیا۔